

فیروز آباد، 12 جون (ہ س)۔ اترپردیش کے فیروز آباد ریلوے اسٹیشن کے پاس لکھنو شتابدی ایکسپریس پر جمعرات کی دیر شام پتھر پھینکے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اسی ٹرین سے سنگھ سربراہ موہن بھاگوت بھی سفر کر رہے تھے۔ پولیس نے دیر رات تک جائے وقوعہ کے آس پاس جانچ کی ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ جانچ میں مصروف ہے۔
لکھنو سے دہلی جانے والی شتابدی ایکسپریس پر پتھر پھینکے جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔ جمعرات کی دیر شام مکھن پور اور فیروز آباد ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان پیمیشور گیٹ کے پاس کچھ نامعلوم سماج دشمن عناصر نے ٹرین کو نشانہ بنایا۔ معاملہ سامنے آتے ہی ریلوے انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں میں کھلبلی مچ گئی۔ اسی ٹرین میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت بھی سوار تھے۔ سنگھ سربراہ کانپور میں ایک تقریب میں شامل ہونے کے بعد لکھنو شتابدی ایکسپریس سے دہلی جا رہے تھے۔ تاہم اس واقعے میں سنگھ سربراہ پوری طرح سے محفوظ ہیں۔ انہیں یا کسی دوسرے مسافر کو کوئی چوٹ نہیں آئی ہے۔
ٹرین کے ٹنڈلا اسٹیشن پہنچنے پر آر پی ایف انسپکٹر اودھیش گوسوامی نے ٹیم کے ساتھ کوچ کا معائنہ کیا۔ جانچ میں تصدیق ہوئی ہے کہ صرف بیرونی شیشہ ٹوٹا ہے اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔ اس واقعے کی اطلاع کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران، ایل آئی یو سمیت دیگر ایجنسیوں نے جائے وقوعہ پر سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالنے کے ساتھ ہی معاملے کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق سنگھ سربراہ موہن بھاگوت ای-1 کوچ میں سیٹ نمبر 39، 40 پر سوار تھے۔
اس سلسلے میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آدتیہ لانگھے کا کہنا ہے کہ ٹرین پر پتھر پھینکے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس معاملے میں پولیس کی سات ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی ہیں۔ معاملے کی جانچ کر کے جو بھی ملزم ہوگا اسے گرفتار کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن