
نئی دہلی، 12 جون (ہ س)۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے دہلی-این سی آر میں سرگرم بدمعاشوں کو غیر قانونی ہتھیار فراہم کرنے والے دو بڑے بین ریاستی سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے اور چھ اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 26 جدید ترین سیمی آٹومیٹک پستول، آٹھ کارتوس، اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی سوئفٹ، تھار اور آلٹو کاریں، چھ موبائل فون اور متعدد سم کارڈز برآمد ہوئے ہیں۔ یہ لوگ مدھیہ پردیش کے برہان پور اور کھرگون سے غیر قانونی ہتھیار لاتے تھے اور دہلی-این سی آر کے بدنام زمانہ منجیت مہال، جتیندر عرف گوگی اور رندیپ بھاٹی گینگ کے ارکان کو سپلائی کرتے تھے۔
اسپیشل سیل کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس نارا چیتنیہ نے بتایا کہ اے سی پی راہل کمار سنگھ کی ٹیم نے دو الگ الگ مہم چلائی۔ پہلی مہم کے تحت 22 مئی کو، سیل ٹیم نے روی کمار اور سنیل تنور کو راجیو گاندھی سپر اسپیشلٹی اسپتال (طاہر پور) کے قریب سے گرفتار کیا۔ ان کے بیگ کی تلاشی سے 15 غیر قانونی پستول (10 روی سے اور پانچ سنیل سے)برآمد ہوئے۔ پوچھ گچھ کے دوران انکشاف ہوا کہ روی نے یہ ہتھیار سنیل کے کہنے پر مدھیہ پردیش سے لائے تھے۔
اس کے بعد، 24 مئی کو ان کی معلومات کی بنیاد پر، ہتھیاروں کو حاصل کرنے والے یوگیش کو دوارکا سیکٹر 7 سے گرفتار کیا گیا۔ اس کی کار کے ایک خفیہ ڈبے (کیویٹی) سے چار پستول اور پانچ کارتوس برآمد کیے گئے۔ تینوں سے پوچھ گچھ کے بعد 26 مئی کو پولیس ٹیم نے مزید دو ریسیور، رجت عرف رجو اور سوربھ کو ان کی کار سمیت لکشمی نگر سے گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے دو پستول اور تین کارتوس برآمد ہوئے۔
ایک دوسری مہم میں 22 مئی کو اسپیشل سیل کی ٹیم نے ایک اور متوازی کارروائی میں، روہنی ہیلی پیڈ کے قریب سے نیو کونڈلی کے رہائشی نکھل کو گرفتار کیا۔ وہ ایک بدمعاش کو ہتھیاروں کی بڑی کھیپ پہنچانے آیا تھا۔ اس کے پاس سے پانچ پستول برآمد ہوئے۔ان میں باغپت کا رہنے والا سنیل تنور عرف چینو بھی شامل ہے۔ اس کے خلاف 14 مقدمات درج ہیں۔ وہ بدنام زمانہ بدمعاش انکت گرجر (متوفی) کا بھتیجا ہے۔ وہ اغوا برائے تاوان اور اقدام قتل جیسے مقدمات میں ملوث رہا ہے۔ اپنے چچا کی موت کے بعد اس نے اسلحے کی اسمگلنگ کا نیٹ ورک سنبھال لیا۔
روی کمار لونی کا رہنے والا ہے۔ اسے 2015 میں جی ٹی بی انکلیو سے ایک نوجوان کے اغوا اور قتل کے جرم میں جیل بھیجا گیا تھا۔ جیل سے باہر آنے اور بدمعاشوں کے ساتھ رابطے میں آنے کے بعد، اس نے گزشتہ دو برسوں سے ہتھیاروں کی اسمگلنگ شروع کر دی۔
دوارکا کا رہنے والا یوگیش چار معاملوں میں ملوث ہے۔ وہ پہلے دودھ کی ڈیری چلاتا تھا۔ 2024 میں، وہ سنیل تنور کے ساتھ رابطے میں آیا اور گینگسٹروں کو ہتھیار فراہم کرنے لگا۔ اس کے خلاف اقدام قتل اور ڈکیتی کے مقدمات درج ہیں۔
رجت عرف رجو لونی کا رہنے والا ہے اور قتل، ڈکیتی اور چوری جیسے 19 مقدمات میں ملوث ہے۔ سنیل تنور سے جیل میں ملاقات کے بعد اس نے ہتھیاروں کی ا سمگلنگ بھی شروع کر دی۔ سوربھ باغپت کا رہنے والا ہے اور 17 مقدمات میں ملوث ہے۔ جیل میں اس کی رجت سے دوستی ہوگئی۔ اس کے بعد اس نے اپنی دشمنی طے کرنے اور گاؤں میں اپنا تسلط قائم کرنے کے لیے ہتھیار خریدے۔ نکھل نیو کونڈلی کا رہنے والا ہے اور چار مقدمات میں ملوث ہے۔ اپریل میں ضمانت پر جیل سے باہر آنے کے بعد، اس نے ایم پی سے ہتھیار لا کر دہلی میں فروخت کرنا شروع کر دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد