
نئی دہلی، 12 جون (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے کانگریس لیڈر میناکشی نٹراجن کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کئے جانے کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی کو جمعہ کو خارج کر دیا۔ جسٹس پرشانت کمار مشرا کی سربراہی والی تعطیلاتی بنچ نے کہا کہ نہ تو ہائی کورٹ اور نہ ہی سپریم کورٹ کاغذات نامزدگی کو مسترد کیے جانے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر غور کر سکتے ہیں۔ اس لیے درخواست خارج کی جاتی ہے۔ سماعت کے دوران سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے، میناکشی نٹراجن کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ میناکشی نٹراجن کی مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے نامزدگی کو اس بنیاد پر مسترد کر دیا گیا تھا کہ انہوں نے ایک مجرمانہ کیس کے بارے میں معلومات چھپائی تھیں۔ سنگھوی نے کہا کہ جس مجرمانہ معاملے کا حوالہ دیا جا رہا ہے اس کا ابھی تک نوٹس نہیں لیا گیا ہے۔ نٹراجن کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 223 کے تحت قبل از وقت سمن جاری کیا گیا ہے۔ عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 33اے کے مطابق صرف ان مجرمانہ مقدمات کو ظاہر کیا جانا چاہیے جن میں نوٹس لیا گیا ہو۔ ریٹرننگ آفیسر اروند شرما نے میناکشی نٹراجن کے کاغذات نامزدگی کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ اس نے تلنگانہ میں اپنے خلاف زیر التواءفوجداری کیس کا انکشاف نہیں کیا ہے۔ مدھیہ پردیش میں راجیہ سبھا کی تین سیٹوں کے لیے 11 جون کو بلامقابلہ انتخابات کا اعلان کیا گیا تھا۔ تینوں سیٹوں پر بی جے پی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan