
کولکاتا، 11 جون (ہ س)۔ مغربی بنگال میں متنازع فرضی دستخط کے معاملے میں ترنمول کانگریس کے دو سینئر لیڈروں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ سینئر وکیل اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کی طرف سے دائر درخواست کی پیروی کرنے سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ ساتھ ہی، انہوں نے بنرجی پر ترنمول کانگریس کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔
وہیں، کلکتہ ہائی کورٹ نے ابھیشیک بنرجی کو ریاستی سی آئی ڈی کی تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت دی ہے اور انہیں جمعرات کو ہی پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس کوشک چندرا نے ہدایت دی کہ ابھیشیک بنرجی سی آئی ڈی کے سمن کی تعمیل کریں اور تفتیشی ایجنسی کے سامنے پیش ہوں تاکہ وہ تحقیقات میں تعاون کریں۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ سی آئی ڈی ابھیشیک کے خلاف دو ہفتوں یا کیس کی اگلی سماعت تک کوئی زبردستی کارروائی نہیں کر سکے گی۔ تاہم تفتیشی ایجنسی کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ضروری اقدامات کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
معلومات کے مطابق، ابھیشیک بنرجی جمعرات کی شام دہلی سے کولکاتہ واپس آنے والے ہیں اور انہیں شام 6 بجے تک سی آئی ڈی ہیڈکوارٹر بھوانی بھون میں حاضر ہونا پڑے گا۔
اس معاملے میں ابھیشیک بنرجی نے سی آئی ڈی کی کارروائی سے راحت اور قانونی تحفظ کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سینئر وکیل اور ایم پی کلیان بنرجی ابتدا میں عدالت میں ان کی پیروی کرنے والے تھے، لیکن انہوں نے سماعت سے عین قبل اس کیس سے خود کو الگ کر لیا۔ ایڈوکیٹ ایان بھٹاچاریہ نے بعد میں عدالت میں ابھیشیک کی نمائندگی کی۔ کلیان بنرجی کے ساتھ ان کے بیٹے شرشنیا بنرجی اور ان کی قانونی ٹیم کے دیگر جونیئر ایڈوکیٹ بھی اس معاملہ سے دستبردار ہو گئے۔
معاملہ سے الگ ہونے کے بعد کلیان بنرجی نے ابھیشیک بنرجی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز عدالت میں ابھیشیک کے معاملہ کا ذکر کیا تھا اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی کالی گھاٹ رہائش گاہ پر سی آئی ڈی کے دورہ کا مسئلہ بھی اٹھایا تھا۔ ان کے مطابق عدالت نے اس دن معاملہ کی سماعت نہیں کی جس کے بعد انہوں نے معاملہ کو فوری سماعت کے لیے درج کرنے کی درخواست کی۔
کلیان بنرجی نے الزام لگایا کہ بدھ کی دیررات ان کے بیٹے کو فون پر اطلاع دی گئی کہ ایک جونیئر وکیل ایان بھٹاچاریہ اس معاملہ میں ان کی نمائندگی کریں گے۔ ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ وہ 45 سال سے قانون کی پریکٹس کر رہے ہیں اور اس طرح کے رویے کو قبول نہیں کر سکتے۔
-------
ممتا ابھیشیک کو ہٹائیں یا ہم لوگوں کو
انہوں نے کہا، میں ابھیشیک بنرجی کے ساتھ نہیں رہوں گا۔ میں ممتا بنرجی سے کہوں گا کہ یا تو ابھیشیک کو رکھو اور ہمیں چھوڑ دو، یا ہمیں رکھو اور ابھیشیک کو ہٹا دو۔
کلیان بنرجی نے ابھیشیک بنرجی پر پارٹی کو نقصان پہنچانے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ابھیشیک بنرجی نے پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے لیکن اس کے باوجود ان کا رویہ نہیں بدلا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی