غیر ضروری مداخلت کرنے والوں پر مناسب غور کیا جائے گا، ضرورت پڑنے پر سخت فیصلے لینے کے لیے تیار ہوں: سنیترا پوار
ممبئی ، 11 جون (ہ س) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی رہنما اور مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے جمعرات کو پارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پارٹی کے کام کاج میں کسی جانب سے غیر ضروری مداخلت کی جا
POLITICS MAHA NCP FOUNDATION DAY


ممبئی ، 11 جون (ہ س) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی رہنما اور مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے جمعرات کو پارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پارٹی کے کام کاج میں کسی جانب سے غیر ضروری مداخلت کی جاتی ہے تو اس پر مناسب غور کیا جائے گا۔ وہ ممبئی میں این سی پی کے 27 ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

تقریب کے دوران سنیترا پوار جذباتی بھی دکھائی دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی ضمانت دیتی ہیں کہ پارٹی میں ہر فرد کو بروقت انصاف اور مناسب موقع فراہم کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اب تک پارٹی میں جو کچھ بھی ہوا ہے، اسے انہوں نے سمجھا بھی ہے اور سنبھالا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار نے اپنے دور میں تمام کارکنوں کو سمجھنے، ان کے مسائل حل کرنے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔

سنیترا پوار نے کہا کہ وہ آئندہ بھی پارٹی کے مفاد کو اولین ترجیح دیں گی۔ اگر کسی کی جانب سے غیر ضروری مداخلت کی گئی تو اس پر ضرور غور کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر پارٹی کے مفاد میں سخت فیصلے لینے کی ضرورت پیش آئی تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اجیت پوار کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کارکنوں کو انصاف دلانے کی کوشش جاری رکھیں گی۔

انہوں نے کارکنوں سے اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایک خاندان کی مانند ہے۔ ان کے مطابق چھترپتی شیواجی مہاراج، راجرشی شاہو مہاراج، مہاتما جیوتی راؤ پھلے اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے نظریات کو آگے بڑھانے کا مطلب سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد اور متحدہ مہاراشٹر تحریک میں معاشرے کے تمام طبقات کا کردار اہم رہا ہے۔

سنیترا پوار نے بتایا کہ اس سال پارٹی کے یومِ تاسیس کا موضوع ’’سمرپن، سنگھرش اور سنکلپ‘‘ رکھا گیا ہے اور اسے اجیت پوار کے نام منسوب کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اجیت پوار نے خود کو مکمل طور پر پارٹی کے لیے وقف کر دیا تھا۔

انہوں نے کارکنوں کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ این سی پی کی تشکیل اور ترقی میں سیکڑوں کارکنوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اجیت پوار نے کسانوں، نوجوانوں، خواتین، صنعت کاروں اور محروم طبقات کے لیے مسلسل کام کیا۔ سنیترہ پوار نے کہا کہ اجیت پوار کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، تاہم ترقی کا وہ راستہ جو انہوں نے دکھایا اور عوام کے تئیں جو وابستگی ظاہر کی، وہی پارٹی کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اجیت پوار کا عزم پارٹی کو مضبوط بنانا اور عوامی فلاح کے کاموں کو آگے بڑھانا تھا۔ محدود مدت میں بھی انہوں نے پارٹی کو قومی سطح پر شناخت دلائی اور عام لوگوں کے درمیان ’’اپنا آدمی‘‘ کی شبیہ قائم کی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande