
نئی دہلی، 11 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ودیشہ میں 14 جون کو کرشی وگیان کیندر یعنی زرعی سائنس مرکز کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس مرکز کو زرعی شعبے میں ایک ماڈل ادارے کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ اس کے قیام سے مقامی کسانوں کو سائنسی بنیادوں پر کھیتی باڑی کے مشورے، سرکاری اسکیموں کی معلومات اور ان کے فوائد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
جمعرات کو ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ 14 جون ودیشہ پارلیمانی حلقے کی زراعت اور کسانوں کے لیے ایک تاریخی دن ہوگا۔ 14 جون کو صبح 10 بجے ودیشہ کے بیرکھیڑی جٹّو میں کرشی وگیان کیندر کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔ یہ کرشی وگیان کیندر ملک کا ایک مثالی زرعی سائنس مرکز ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے دوران ودیشہ، رائے سین، سیہور اور دیواس اضلاع کے لیے تیار کیے گئے سائنسی زرعی روڈ میپ پر عمل درآمد کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ چوہان نے کہا کہ ’’کھیت بچاؤ مہم‘‘ کے تحت بھی کسانوں کو اہم معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انہیں بتایا جائے گا کہ نقلی کھاد کی شناخت کیسے کی جائے اور اس سے کیسے بچا جائے۔ اس کے علاوہ جدید زرعی مشینوں کے ذریعے فصلوں کی بوائی، جدید زرعی طریقوں کا عملی مظاہرہ، مشینری کی نمائش، معلوماتی اسٹالز اور سیکھنے کے لیے بہت کچھ موجود ہوگا۔
انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ زراعت کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق بنانے کے لیے اس پروگرام میں شرکت کریں اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد