ہائی کورٹ نے نیوز کلک کے خلاف دہلی پولیس اور ای ڈی کے مقدمات کو منسوخ کیا
نئی دہلی، 11 جون (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے نیوز کلک ویب سائٹ اور اس کے بانی پربیر پورکایستھ کے خلاف بیرون ملک سے حاصل کی گئی رقم کے معاملے میں دائر مقدمات کو خارج کر دیا ہے
نیوز


نئی دہلی، 11 جون (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے نیوز کلک ویب سائٹ اور اس کے بانی پربیر پورکایستھ کے خلاف بیرون ملک سے حاصل کی گئی رقم کے معاملے میں دائر مقدمات کو خارج کر دیا ہے۔ جسٹس نینا بنسل کرشنا کی بنچ نے کہا کہ نیوزکلک اور پربیر پورکایستھ کے خلاف درج مقدمات اختیارات کا غلط استعمال ہے۔ 15 مئی 2024 کو سپریم کورٹ نے پربیر پورکایستھ کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

7 جولائی 2021 کو، ہائی کورٹ نے ای او ڈبلیو معاملہ میں پربیر پورکایستھ اور پرانجل پانڈے کو عبوری ضمانت دے دی تھی۔ ای او ڈبلیو نے تعزیرات ہند کی دفعہ 406، 420 اور 120بی کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔ پورکایستھ پر 2018تا2019 کے مالی سال کے دوران امریکہ میں قائم کمپنی ورلڈ وائیڈ میڈیا ہولڈنگز کمپنی سے 9 کروڑ 59لاکھ کی ایف ڈی آئی حاصل کرنے کا الزام تھا۔ ای او ڈبلیو ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ یہ ایف ڈی آئی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاصل کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ نے نوٹ کیا کہ حراستی وارنٹ کی کاپی پربیر پورکایستھ کے وکیل کو فراہم نہیں کی گئی جب انہیں حراست میں لیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے نوٹ کیا کہ جب پربیر پورکایستھ کو گرفتار کیا گیا تو گرفتاری کی تحریری وجہ فراہم نہیں کی گئی۔ نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کی بنیاد پر پربیر پورکایستھ اور امت چکرورتی کو دہلی پولیس نے 3 اکتوبر 2023 کو گرفتار کیا تھا۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande