
نئی دہلی، 11 جون (ہ س)۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے جمعرات کو تھائی لینڈ سے سائبر فراڈ معاملہ میں مطلوب مفرور گنیش بالاسو کالے کی حوالگی کو حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ اسے تھائی حکام نے 24 مئی کو بنکاک سے حراست میں لیا تھا اور قانونی طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد 10 جون کو بھارت بھیج دیا گیا تھا۔ سی بی آئی کے اہلکار آج ملزم کے ساتھ ممبئی پہنچے۔
سی بی آئی نے کہا کہ ممبئی پہنچنے کے بعد گنیش بالاسو کالے کو مہاراشٹر پولس سائبر سیل نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ کالے پر الزام ہے کہ اس نے لوگوں کو پارٹ ٹائم نوکریوں کے وعدے کے ساتھ آن لائن لالچ دیا اور پھر سرمایہ کاری کی آڑ میں رقم اکٹھی کرکے ان سے دھوکہ کیا۔ اس نے ایک ایسا نیٹ ورک چلایا جس نے معصوم افراد کو بھرتی کیا اور ان کے بینک اکاو¿نٹس کو غیر قانونی رقم کی منتقلی کے لیے استعمال کیا۔
اس نے اپنے ساتھی ملزمان کو موبائل فون اور جعلی سم کارڈز کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سی بی آئی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔ سی بی آئی نے کہا کہ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور تھائی لینڈ میں ہندوستانی سفارت خانے کے تعاون سے ملزم کو ریڈ کارنر نوٹس جاری ہونے کے صرف 20 دنوں کے اندر ہی ہندوستان لایا گیا ۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی