اتر پردیش حکومت بھوٹان کو بدھ مندر اور گیسٹ ہاؤس کی تعمیر کے لیے بنارس میں زمین فراہم کرے گی
لکھنؤ، 10 جون (ہ س)۔ اتر پردیش کی ثقافتی راجدھانی بنارس میں بھوٹان حکومت کو بدھ مندر اور گیسٹ ہاؤس کی تعمیر کے لیے دو ایکڑ زمین فراہم کی جائے گی۔ بدھ کے روز سیاحت کے وزیر جے ویر سنگھ اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری برائے سیاحت امرت ابھیجات کی موجودگی میں
اتر پردیش حکومت  بھوٹان کو بدھ مندر اور گیسٹ ہاؤس کی تعمیر کے لیے بنارس میں زمین فراہم کرے گی


لکھنؤ، 10 جون (ہ س)۔ اتر پردیش کی ثقافتی راجدھانی بنارس میں بھوٹان حکومت کو بدھ مندر اور گیسٹ ہاؤس کی تعمیر کے لیے دو ایکڑ زمین فراہم کی جائے گی۔ بدھ کے روز سیاحت کے وزیر جے ویر سنگھ اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری برائے سیاحت امرت ابھیجات کی موجودگی میں محکمہ سیاحت اتر پردیش اور بھوٹان کی شاہی حکومت کے درمیان مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔

بدھ کے روز لیز ڈیڈ معاہدے پر بھوٹان کی جانب سے نئی دہلی میں واقع بھوٹانی سفارت خانے کی نائب مشن سربراہ تاشی پیلڈن نے دستخط کیے۔ اس موقع پر چانسری کے سربراہ سانگے تھنلے اور کونسلر (مالیات) چیمی وانگمو نے بطور گواہ دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ لیز کا یہ معاہدہ 30 برس کے لیے کیا گیا ہے، جس کا سالانہ کرایہ صرف ایک روپیہ مقرر کیا گیا ہے۔

اس موقع پر سیاحت کے وزیر جے ویر سنگھ نے رائل گورنمنٹ آف بھوٹان کے نمائندوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ بھوٹان کے ساتھ ہمارے تاریخی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ بھارت اور بھوٹان ایک دوسرے کے بہترین پڑوسی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارناتھ پہلے ہی بدھ مت کا ایک اہم روحانی اور ترغیبی مرکز ہے۔ بدھ مندر اور گیسٹ ہاؤس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد بدھ مت کے عقیدت مندوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت بدھ سرکٹ میں شامل سنکِسا، کشی نگر اور دیگر بدھ مقامات پر اعلیٰ معیار کی بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ کشی نگر بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

جے ویر سنگھ نے کہا کہ اتر پردیش اپنی شاندار تاریخی، ثقافتی اور مذہبی وراثت کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل کی فراوانی کے باعث سیاحت کے میدان میں تیزی سے ابھرتی ہوئی ریاست بن رہا ہے۔ ضلع وارانسی میں واقع سارناتھ ایک روحانی، فکری اور فلسفیانہ اہمیت کا حامل مقام ہے۔ یہاں ایک عجائب گھر بھی قائم کیا گیا ہے۔ دو ایکڑ زمین بھوٹان کو منتقل کیے جانے سے بھارت اور بھوٹان کے درمیان بین الاقوامی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، جس سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں سیاح بھی یہاں کا رخ کریں گے۔

بھوٹان حکومت کی نمائندہ تاشی پیلڈن نے اتر پردیش حکومت اور محکمہ سیاحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ بھارت اور بھوٹان کے درمیان ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande