
نئی دہلی، 10 جون (ہ س): نیتی آیوگ کی 11ویں گورننگ کونسل کی میٹنگ جمعرات کو راشٹرپتی بھون کے کلچرل سینٹر میں ہوگی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں مرکز اور ریاستوں کے درمیان تال میل کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، گڈ گورننس، شراکت داری، اور ڈیٹا پر مبنی نظام کے بہترین استعمال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
نیتی آیوگ کے مطابق، اس سال کی میٹنگ کا تھیم ہے وکست بھارت @2047 کے لیے جامع انسانی ترقی' جس کا مقصد ہر شہری کی مجموعی ترقی اور بہبود کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانا ہے۔ اس میٹنگ کا اہتمام وزیر اعظم مودی کے 'ٹیم انڈیا' کے وژن کے مطابق کیا جا رہا ہے۔
شرکاء میں وزرائے اعلیٰ، لیفٹیننٹ گورنروں، اور ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے منتظمین، مرکزی وزراء اور نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین، اراکین، اور اعلی افسران شامل ہوں گے۔ اس میٹنگ میں وکست بھارت کے ہدف کو ٹھوس اور نتیجہ خیزبنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ ہر شہری فائدہ اٹھا سکے۔
میٹنگ میں انسانی ترقی کے جامع فریم ورک کے چار اہم ستونوں پر توجہ دی جائے گی: بنیادی انسانی سرمایہ اور مستقبل کے لیے تیار ہنر؛ پیداواری روزگار اور کاروبار؛ صحت، غذائیت، اور بہبود؛ اور سب کے لیے مساوات اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے، ہنر مندی کی ترقی کو مضبوط بنانے اور ملک بھر میں پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
متوازن اور پائیدار ترقی کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تیار کرنے کے لیے جامع انسانی ترقی کے قومی وژن کے ساتھ ریاستی ترقی کے وژن کو ہم آہنگ کرنے پر خصوصی زور دیا جائے گا۔
نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل دسمبر 2025 میں منعقد ہونے والی چیف سکریٹریوں کی پانچویں قومی کانفرنس کی سفارشات پر بھی غور کرے گی۔ ان سفارشات میں بچپن کی تعلیم، اسکولی تعلیم، ہنر کی ترقی، اعلیٰ تعلیم، اور کھیل اور ہم نصابی سرگرمیوں جیسے مضامین شامل ہیں۔ حکومت کا ماننا ہے کہ یہ میٹنگ مرکز اور ریاستوں کے درمیان تعاون پر مبنی وفاقیت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گی تاکہ 'وکست بھارت 2047' کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد