
نئی دہلی، 10 جون (ہ س): قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے گجرات کے سورت ضلع میں زیورات بنانے والے یونٹ میں سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران چار مزدوروں کی موت کا از خود نوٹس لیا ہے۔ اس واقعہ کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کمیشن نے گجرات کے چیف سکریٹری اور سورت کے پولس کمشنر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
کمیشن نے بدھ کو کہا کہ میڈیا رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ واقعہ 7 جون کو پیش آیا، جب مزدور صفائی کے لیے ٹینک میں داخل ہوئے اور زہریلی گیس سے دم توڑ گئے۔ انہیں امدادی ٹیم اسپتال لیکر گئی جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
کمیشن نے مشاہدہ کیا کہ اگر خبر کے مندرجات درست ہیں تو یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ ہے۔ اس نے ہدایت کی کہ رپورٹ میں تحقیقات کی صورتحال اور جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ کو فراہم کیے جانے والے معاوضے سے متعلق تفصیلات شامل کی جائیں۔ کمیشن نے نوٹ کیا کہ میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ زیورات کی صفائی کے عمل سے پیدا ہونے والا فضلہ مذکورہ سیپٹک ٹینک میں جمع کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد