
شیلانگ ، 10 جون (ہ س)۔ میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ اور نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کے قومی صدر کونراڈ کے سنگما نے منی پور کے سیناپتی ضلع میں یرغمال بنائے گئے 14 کوکی شہریوں کی بحفاظت رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم انسانی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ریاست میں امن اور اعتماد کی بحالی کی طرف ایک مثبت پیغام دیتا ہے۔
منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں، سنگما نے یونائیٹڈ ناگا کونسل، مختلف ناگا قبائلی تنظیموں ، سول سوسائٹی گروپس ، کمیونٹی لیڈروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا 14 کوکی شہریوں کی رہائی کو یقینی بنانے میں تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ہمدردی، وقار ، مفاہمت اور انسانی زندگی کے لیے احترام کی ان اقدار کی عکاسی کرتا ہے جو طویل عرصے سے ناگا سماج اور اس کی روایات کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ سنگما نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب منی پور طویل عرصے سے نسلی کشیدگی اور تنازعات سے دوچار ہے ، یہ اقدام امید اور خیر سگالی کا پیغام لاتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یونائیٹڈ ناگا کونسل اور مختلف ناگا تنظیموں کی تحمل، دور اندیشی اور انسانی ہمدردی کے اصولوں سے وابستگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رہائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشکل حالات میں بھی امن اور انسانیت کو ترجیح دی جا سکتی ہے۔انہوں نے کوکی سول سوسائٹی کی تنظیموں ، کمیونٹی رہنماو¿ں اور تمام متعلقہ فریقوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اسی انسانی جذبے کے تحت زیر حراست چھ ناگا شہریوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کریں۔سنگما نے کہا کہ 14 کوکی شہریوں کی رہائی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ معصوم شہری تنازعات کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چھ ناگا شہری بھی بحفاظت اپنے اہل خانہ کے پاس واپس لوٹ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی طویل حراست سے متاثرہ خاندانوں اور برادریوں کے مصائب میں اضافہ ہوتا ہے اور معمولات اور باہمی اعتماد کی بحالی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ ان کے بقول ، باقی ماندہ قیدیوں کی رہائی امن عمل کو آگے بڑھانے اور اعتماد کی بحالی کے لیے ایک اہم قدم ہو گا۔امن اور مفاہمت کے لیے این پی پی کے عزم کو دہراتے ہوئے، سنگما نے کہا کہ ان کی پارٹی ایسے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی جو ذات، برادری یا مذہب سے قطع نظر تمام شہریوں کی بات چیت، سماجی ہم آہنگی اور تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ اس مثبت اقدام کو آگے بڑھائیں اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مل کر کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسانی اقدار اور باہمی حساسیت تنازعات کے حل اور مفاہمت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan