
بھوپال، 10 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کی آزادی کے بعد منتخب طور پر سب سے طویل عرصے تک ملک کی خدمت کرنے کا ریکارڈ آج اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے ہیرو ہیں، جنہوں نے وزیراعظم کے طور پر سب سے طویل مدت تک کام کیا ہے۔ یہ تمام ہم وطنوں کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی کے ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کے روز بھوپال کے گفا مندر میں منعقدہ ہنومان چالیسا اور دعائیہ تقریب میں شامل ہوئے۔ انہوں نے ہنومان چالیسا کا پاٹھ سنا اور بھگوان کی پوجا ارچنا کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وزیراعظم مودی کی مضبوط قیادت کے 12 سال مکمل ہونے پر ریاستی عوام کی جانب سے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی عوام کے مفاد میں یکسوئی کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ وہ اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ ہندوستان کو دنیا میں نمبر 1 ملک بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ وزیراعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان اندرونی طور پر محفوظ ہے اور سرحد پار بھی دشمنوں کے دانت کھٹے کر کے ہندوستانی فوج نے اپنی صلاحیت ثابت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رام راجیہ میں کوئی بھوکا نہیں سوتا تھا، بیٹیاں محفوظ تھیں، گئوماتا کی پوجا کے ساتھ ساتھ سناتن ثقافت کے مندروں کی شان وشوکت قائم تھی۔ وزیراعظم مودی کا دورِاقتدار بھی انہی کامیابیوں کا گواہ ہے۔ وزیراعظم مودی سادہ طرزِ زندگی کے ساتھ ملک کی خدمت کے لیے وقف ہیں۔ انہوں نے ملک کے 25 کروڑ لوگوں کو مکانات فراہم کیے، جبکہ 80 کروڑ شہریوں کو مفت اناج تقسیم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم مودی کی قیادت میں کروڑوں لوگ خطِ افلاس سے باہر نکل کرعزت واحترام کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ ہم سب کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ وزیراعظم مودی کی قیادت میں ملک کے اندر عوامی خدمت اور سرحد پر دفاعی سیکورٹی مضبوط ہوئی ہے۔
ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے بھگوان شری رام اور ہنومان جی کے آشیرواد سے سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کا ریکارڈ توڑا ہے۔ وزیراعظم مودی مقدس گیتا میں بتائے گئے کرم کے اصول پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے کاموں سے زمین پر اپنے جنم کو سارتھک (کامیاب) کیا ہے۔ ایک غریب خاندان میں پیدا ہونے والے وزیراعظم مودی آج ملک کے غریب خاندانوں کے لیے ایک مثال ہیں۔ ملک میں ایک نئے عزم کا ماحول ہے اور وزیراعظم مودی کی قیادت میں سب کو مواقع ملتے ہیں۔ ریاستی عوام اپنی زندگی میں عزم کا فیصلہ کریں، جدوجہد کریں اور آگے بڑھیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ آج ایودھیا میں شری رام کا شاندار مندر بن چکا ہے۔ ملک اور دنیا بھر سے عقیدت مند مندر میں پربھو شری رام اور ہنومان جی کا آشیرواد لے رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی کی قیادت میں ہم جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں۔ پربھو شری رام کی خاص کرپا مدھیہ پردیش پر ہے اور وزیراعظم مودی کی قیادت و رہنمائی میں ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس‘ کے عزم کے ساتھ ملک آگے بڑھ رہا ہے۔
علاقائی رکنِ پارلیمنٹ آلوک شرما نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی دور اندیش قیادت میں ملک نے گزشتہ برسوں میں ترقی، گڈ گورننس، خود کفالت، ڈیجیٹل جدت طرازی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں بے مثال کامیابیاں درج کی ہیں۔ وزیراعظم مودی کے دل میں غریبوں، کسانوں، خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کے لیے گہری ہمدردی ہے۔ مدھیہ پردیش کو ہر پل ان کا آشیرواد اور رہنمائی مسلسل حاصل ہو رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن