
امپھال، 10 جون (ہ س)۔ منی پور کے وزیر اعلی یومنام کھیم چند سنگھ نے گزشتہ منگل کو 14 کوکی یرغمالیوں کی بحفاظت رہائی کا خیرمقدم کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس واقعہ کو ریاست میں جاری بحران میں ایک مثبت اور انسانی قدم قرار دیا۔ حال ہی میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے کوکی شہریوں کو اغوا کر لیا تھا جس سے ریاست میں بڑے پیمانے پر ناراضگی پھیل گئی تھی۔
ایک بیان میں، وزیر اعلی کھیم چند نےیرغمالیوں کی بحفاظت رہائی کو یقینی بنانے میں تعاون کرنےو الے تمام افراد، جماعتوں اور تنظیموں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے ان کی محفوظ رہائی کو یقینی بنانے میں ناگا سول سوسائٹی تنظیموں کے کردار کی خاص طور پر تعریف کی۔
ناگا کمیونٹی کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے، وزیر اعلی کھیم چند سنگھ نے کہا کہ یہ انسانیت، احساس ذمہ داری اور انسانی زندگی کے تئیں ان کی گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے باہمی اعتماد پیدا کرنے اور بحران کے وقت انسانی اقدار کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے سماج کے تمام طبقوں کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد کو مکمل طور پر ترک کریں اور امن اور معمول کی بحالی کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جاری بحران نے بہت سے لوگوں اور ان کے خاندانوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ اس لیے مزید نقصانات اور مشکلات سے بچنے کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ کھیم چند نے کہا کہ حکومت انصاف کے حصول کے لیے پوری طرح تیار ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور تمام متاثرہ افراد کو انصاف ملے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد