
شملہ، 10 جون (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں جون کی گرمی نے اس بار پہاڑی اور میدانی دونوں علاقوں کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ریاست کے نشیبی اور میدانی علاقوں میں بدھ کے روز بھی شدید گرمی کا اثر برقرار رہا۔ اُونا میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 43.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو پورے صوبے میں سب سے زیادہ رہا۔ مسلسل بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت اور تیز دھوپ کے باعث دوپہر کے وقت سڑکوں پر آمد و رفت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ریاست کا اوسط زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت معمول سے 2.8 ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پورے ہماچل پردیش میں معمول سے زیادہ گرمی پڑ رہی ہے۔ تاہم راحت کی بات یہ ہے کہ 11 جون سے موسم کا رخ تبدیل ہونے والا ہے اور آئندہ چھ دنوں کے دوران ریاست کے کئی حصوں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
شملہ کا کم از کم درجۂ حرارت معمول سے 2.9 ڈگری جبکہ منالی کا 2.3 ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث رات کے وقت بھی لوگوں کو متوقع ٹھنڈک محسوس نہیں ہوئی۔
تاہم اب موسم میں تبدیلی کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق 11 جون سے فعال مغربی ہوائیں ریاست کو متاثر کریں گی۔ اس کے نتیجے میں 11 اور 12 جون کو کئی علاقوں میں تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ ان دنوں کے لیے ایلو الرٹ جبکہ بعض علاقوں میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
11 جون کو ہواؤں کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ 12 جون کو بھی اسی نوعیت کا موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔ 13 جون کو بھی متعدد مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے پیشِ نظر یلو الرٹ جاری رہے گا۔ 14 جون کو 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور کہیں کہیں ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔ 15 اور 16 جون کو بھی ریاست کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد