
شملہ، 10 جون (ہ س)۔ ہماچل پردیش اس وقت شدید گرمی کی زد میں ہے۔ بالخصوص نچلے اور میدانی علاقوں میں گرمی نے جینا محال کر دیا ہے۔ اونا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دیگر کئی اضلاع میں پارہ 40 ڈگری کے آس پاس رہا۔ شدید گرمی کے باعث دوپہر کے اوقات میں گلیاں سنسان ہو جاتی ہیں اور لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے ہیں۔ جو لوگ باہر نکلتے ہیں، وہ چھتریوں کا استعمال کرتے ہوئے اور سر ڈھانپ کر دھوپ سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج کچھ علاقوں میںلو چلنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ کل سے موسم بدل جائے گا، کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جس سے گرمی سے لوگوں کو راحت ملے گی۔ 11 سے 16 جون تک موسم خراب رہے گا۔
گرمی کا اثر صرف دن تک محدود نہیں رہتاہے۔ راتیں بھی معمول سے زیادہ گرم ہو گئی ہیں۔ ہل اسٹیشن بھی گرمی کے اثرات محسوس کر رہے ہیں۔ شملہ میں کم از کم درجہ حرارت 19.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.9 ڈگری زیادہ ہے۔ منالی میں کم از کم درجہ حرارت 14.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.3 ڈگری زیادہ ہے۔ دستیاب کم سے کم درجہ حرارت کے اعداد و شمار کے مطابق، پاونٹا صاحب میں کم سے کم درجہ حرارت 29.0 ڈگری سیلسیس، ڈیہرا گوپی پور میں 26.0 ڈگری سیلسیس، بلاس پور میں 25.5 ڈگری سیلسیس، نیری میں 24 ڈگری سیلسیس، منڈی میں 22.1 ڈگری سیلسیس، جبڑہٹی میں 22 ڈگری سیلسیس، کانگڑا میں21.6 ڈگری سیلسیس، اونا میں21.2 ڈگری سیلسیس، سندر نگر اور برٹھیں میں 20.6 ڈگری سیلسیس، شملہ میں 19.4 ڈگری سیلسیس، سولن 19میں ڈگری سیلسیس، دھرم شالہ میں 18.8 ڈگری سیلسیس، ناہن میں 18.3 ڈگری سیلسیس،پالم پور میں 17 ڈگریسیلسیس، بھونتر میں 16.9 ڈگری سیلسیس، چمبامیں 16.5 ڈگری سیلسیس، سراہن میں 15.6 ڈگری سیلسیس، سیو باغ میں 14.6 ڈگری سیلسیس، منالی میں 14.5 ڈگری سیلسیس، بھرمور میں 14.0 ڈگری سیلسیس، کفری میں 13.7ڈگری سیلسیس، کلپا میں 8.6 ڈگری سیلسیس ، تابومیں 7.1 ڈگری سیلسیس، کوکمسیری میں 6.6 ڈگری سیلسیس اور کیلونگ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کئی شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت معمول سے اوپر رہنے کے باعث رات کو بھی لوگوں کو گرمی سے راحت نہیں مل رہی ہے۔
تاہم اب راحت کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 11 جون سے ویسٹرن ڈسٹربنس فعال ہو جائے گا جس کی وجہ سے ریاست کے موسم میں بڑی تبدیلی آئے گی۔ محکمہ کا اندازہ ہے کہ اس کا زیادہ سے زیادہ اثر 11 اور 12 جون کو نظر آئے گا۔ ان دو دنوں کے لیے کئی علاقوں میں ایلو الرٹ اور کچھ جگہوں پر اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 11 جون کو 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں گی اور ریاست کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ 12 جون کو بھی ایسا ہی موسم رہے گا اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی سات روزہ پیش گوئی کے مطابق 13 جون کو بھی کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا ایلو الرٹ رہے گا۔ 14 جون کو 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور چھٹ پٹ بارش کا امکان ہے۔ 15 اور 16 جون کو بھی ریاست کے مختلف حصوں میں گرج چمک، تیز ہوائیں اور ہلکی سے درمیانی بارش جاری رہ سکتی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ ویسٹرن ڈسٹربنس کے فعال ہونے سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور لوگوں کو گزشتہ کئی دنوں کی چلچلاتی گرمی سے راحت ملنے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد