
کولکاتا، یکم جون (ہ س): مغربی بنگال حکومت نے پیر سے ریاست بھر میں خواتین کے لیے سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولت کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے اعلان کے مطابق اب خواتین مسافروں کو سرکاری بسوں میں سفر کے لیے کوئی کرایہ ادا نہیں کرنا ہوگا۔ بس میں سوار ہوتے ہی انہیں مفت سفر کا کا ٹکٹ جاری کیا جا رہا ہے۔ یہ سہولت ریاست کے تمام علاقوں میں دستیاب ہے اور عام روٹس کے ساتھ ساتھ طویل فاصلے کی بسوں پر بھی نافذ کی گئی ہے۔
اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے خواتین مسافروں کو شناختی دستاویز دکھانا لازمی ہوگا۔ ٹرانسپورٹ محکمہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق آدھار کارڈ، ووٹر شناختی کارڈ، منریگا جاب کارڈ، آیوشمان بھارت کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، پین کارڈ، پاسپورٹ، تصویر والا پنشن دستاویز، ریاست یا مرکزی حکومت کا ملازم شناختی کارڈ، اسکول، کالج یا یونیورسٹی کا شناختی کارڈ سمیت حکومت کی جانب سے جاری دیگر معتبر شناختی دستاویزات میں سے کوئی ایک دکھا کر مفت ٹکٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
پیر کی صبح سے ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور دیگر سرکاری بسوں میں اس حوالے سے معلوماتی پمفلٹس آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ بس کنڈکٹرز اور ڈرائیورز کو بھی خصوصی تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ خواتین مسافروں کو صفر کرایہ کا ٹکٹ جاری کرنے کے عمل کو درست طریقے سے انجام دے سکیں۔
وزیرِ اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے کہا ہے کہ فی الحال خواتین کو بس میں سوار ہوتے ہی مفت ٹکٹ فراہم کیا جا رہا ہے۔ مستقبل میں اس اسکیم کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے خواتین کے لیے خصوصی شناختی کارڈ جاری کرنے کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ تاہم اس خصوصی کارڈ کے نفاذ کی کوئی حتمی تاریخ فی الحال مقرر نہیں کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد