
سلی گوڑی، یکم جون (ہ س)۔ شمالی بنگال میں شدید گرمی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ اس کے اثرات سلی گوڑی کے بنگال سفاری کے جانوروں پر صاف نظر آرہے ہیں۔ سفاری انتظامیہ نے گرمی سے نجات کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق گوشت خور جانوروں کی خوراک میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب بکرے کے گوشت کی بجائے مرغی دی جارہی ہے جس سے ہاضمے پر کم دباو¿ پڑے گا۔ اس کے علاوہ پانی کی کمی کو روکنے کے لیے تمام جانوروں کو او آر ایس ملا ہوا پانی بھی دستیاب کرایا گیا ہے۔
تربوز، سیب، کیلے اور پکے پپیتے جیسے رس دار پھل پرندوں کو فراہم کر کے انہیں گرمی سے نجات دلائی جا رہی ہے۔ نائٹ شیلٹرز کے باہر ایئر کولر لگائے گئے ہیں اور جانوروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے برف سے ٹھنڈا پانی فراہم کیا گیا ہے۔
سفاری کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شدید گرمی سے جانوروں میں پانی کی کمی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ پانی کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے وقفے وقفے سے برف ڈالی جا رہی ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ رائل بنگال ٹائیگر جیسے 'کیکا'، 'ریکا' اور 'وبھان' بھی اس ٹھنڈے پانی میں بیٹھ کر راحت محسوس کر رہے ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ درجہ حرارت معمول پر آنے تک یہ انتظامات برقرار رہیں گے۔ ضرورت پڑنے پر ایئر کولرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی