
راج شیکھر ریڈی فارمولہ اختیار کرنے ریونت ریڈی کا فیصلہحیدرآباد، یکم جون (ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے سرکاری امور کی تکمیل کے ساتھ ساتھ پارٹی کے امور پر توجہ دیتے ہوئے کارکنوں کو وقت دینے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق متحدہ آندھرا پردیش میں آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے طریقہ کار کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت پارٹی قیادت اور بنیادی سطح کے کارکنوں میں دوریوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو فی الوقت وزیراعلی ریونت ریڈی سے ملاقات میں دشواریوں کا سامنا ہے۔
خود وزراء اور ارکان اسمبلی کو بھی وزیراعلی سے ملاقات کا وقت حاصل کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے روزانہ کے شیڈول میں وزراء، ارکان اسمبلی اور پارٹی کارکنوں سے ملاقات کا وقت مقرر تھا۔وزیراعلی کے طور پر راج شیکھر ریڈی روزانہ صبح کے وقت اپنی قیام گاہ پرکارکنوں سے ملاقات کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی کے قریبی ساتھیوں میں وائی ایس آر فارمولہ کو اختیار کرنے کا مشورہ دیا تاکہ عوام کے ساتھ ساتھ کارکنوں میں مقبولیت رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعلی کو نئے کیمپ آفس کی تعمیر کاانتظار ہے جو ڈاکٹرایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے احاطہ میں تعمیر کیا جارہا ہے۔
کیمپ آفس میں منتقلی کے بعد ریونت ریڈی کے شیڈول میں تبدیلی لائی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے راج شیکھر ریڈی کی طرح عوامی رابطہ کو مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلی نے اضلاع سے آنے والے وفود کو بھی ملاقات کا وقت دینے کابھروسہ دلایا۔ بتایا کہ حالیہ کابینی اجلاس میں وزراء نے ملاقات کیلئے وقت نہ ملنے کی شکایت کی جس پر وزیر اعلی کیمپ آفس میں منتقلی کے بعد شیڈول میں تبدیلی کا تیقن دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق