
نئی دہلی، یکم جون (ہ س) ۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی چھ رکنی مالیاتی پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی تین روزہ جائزہ میٹنگ 3 سے 5 جون تک منعقد ہوگی۔ آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا 5 جون کو مالیاتی پالیسی سے متعلق فیصلوں کا اعلان کریں گے۔
ماہرین کے مطابق ممبئی میں ہونے والی اس میٹنگ میں مغربی ایشیا کے بحران، جغرافیائی و سیاسی کشیدگی، مہنگائی کے خدشات اور روپے پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث آر بی آئی ریپو ریٹ کو 5.25 فیصد پر برقرار رکھ سکتا ہے۔
معاشی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ مالیاتی پالیسی کمیٹی کی جانب سے بنیادی شرحِ سود یعنی ریپو ریٹ میں کسی تبدیلی کی توقع نہیں کی جا رہی۔ توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، روپے کی قدر میں کمی اورترسیل کے نظام میں رکاوٹوں کے سبب آر بی آئی اپنے افراطِ زر (مہنگائی) کے تخمینے میں اضافہ کر سکتا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اپریل کے مالیاتی پالیسی جائزے میں آر بی آئی نے مغربی ایشیا تنازعہ کے توانائی کی فراہمی، مہنگائی اور اقتصادی ترقی پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ’’دیکھو اور انتظار کرو‘‘ کی پالیسی اپنائی تھی اور ریپو ریٹ کو 5.25 فیصد پر بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رکھا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد