
اے ایم یو کے پروفیسر شمس الحیات سائنسی انجمنوں کے فیلو منتخب
علی گڑھ، یکم جون (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ نباتیات کے پروفیسر شمس الحیات کو نباتاتی علوم کے شعبے میں ان کی نمایاں تحقیقی خدمات کے اعتراف میں 2 ممتاز سائنسی تنظیموں کی فیلوشپ سے نوازا گیا ہے۔
پروفیسر حیات کو دنیا کی قدیم ترین اور نہایت باوقار حیاتیاتی انجمنوں میں شمار ہونے والی لینین سوسائٹی آف لندن کا فیلو (ایف ایل ایس) منتخب کیا گیا ہے، جبکہ نباتاتی علوم کے میدان میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں سوسائٹی فار پلانٹ ریسرچ کا فیلو (ایف ایس پی آر) بھی منتخب کیا گیا ہے۔
پلانٹ فزیالوجی، پودوں کی نشوونما کو منظم کرنے والے عوامل، اسٹریس بایولوجی اور پائیدار زراعت کے شعبوں میں اپنی گرانقدر تحقیق کے لیے معروف پروفیسر شمس الحیات نے ماحولیاتی چیلنجوں کے مقابلے میں پودوں کے ردِعمل کو سمجھنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان موضوعات پر ان کی تحقیقی اشاعتوں، کتابوں اور نوجوان سائنس دانوں کی رہنمائی نے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت دلائی ہے۔
پروفیسر حیات اس وقت پولینڈ میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ