اے ایم یو کے پروفیسر ٹی این ستھیسن کی سبکدوشی پر تہنیتی تقریب منعقد
اے ایم یو کے پروفیسر ٹی این ستھیسن کی سبکدوشی پر تہنیتی تقریب منعقد علی گڑھ، یکم جون (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ جدید ہندستانی السنہ کی جانب سے ملیالم سیکشن کے پروفیسر اور فیکلٹی آف آرٹس کے سابق ڈین پروفیسر ٹی این ستھیسن کی 38 سالہ ممتا
الوادعی تقریب


اے ایم یو کے پروفیسر ٹی این ستھیسن کی سبکدوشی پر تہنیتی تقریب منعقد

علی گڑھ، یکم جون (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ جدید ہندستانی السنہ کی جانب سے ملیالم سیکشن کے پروفیسر اور فیکلٹی آف آرٹس کے سابق ڈین پروفیسر ٹی این ستھیسن کی 38 سالہ ممتاز خدمات کے اعتراف میں ان کی سبکدوشی کے موقع پر ایک تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بطور استاد، منتظم اور علمی رہنما پروفیسر ستھیسن کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ستھیسن نے یونیورسٹی کی نہایت لگن کے ساتھ خدمت کی ہے ، ان کی خدمات آئندہ نسلوں کے لیے بھی مشعل راہ بنی رہیں گی۔

تقریب کی صدارت کرتے ہوئے فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر محمد رضوان خان نے پروفیسر ستھیسن کو غیر معمولی علمی مقام کا حامل محقق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی علمی برتری، انکساری اور انتظامی صلاحیتوں نے نہ صرف شعبہ بلکہ پوری یونیورسٹی کو فیض پہنچایا ہے۔

اپنے الوداعی خطاب میں پروفیسر ستھیسن نے اپنے رفقائے کار، طلبہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پوری ملازمت کے دوران ملنے والی محبت، تعاون اور حمایت پر اظہارتشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو ان کے لیے محض ایک جائے ملازمت نہیں رہی بلکہ یہ ہمیشہ ان کی زندگی کا ایک لازمی حصہ رہے گی۔

متعدد ممتاز مقررین بشمول شعبہ سنسکرت کے سابق صدر پروفیسر ایس پی شرما، معروف پنجابی ادیب اور سنٹرل یونیورسٹی آف پنجاب کے پروفیسر آف پریکٹس پروفیسر نِندر گھوگیانوی، شعبہ ہندی کے پروفیسر راجیو لوچن ناتھ شکلا اور دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما نے پروفیسر ستھیسن کی علمی دستیابیوں اور اعلیٰ انسانی اوصاف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس سے قبل مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے شعبہ جدید ہندستانی السنہ کے صدر پروفیسر اے نجُم نے پروفیسر ستھیسن کی علمی خدمات اور شعبہ کے استحکام و توسیع میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ شعبہ کے سابق صدر پروفیسر کرانتی پال نے بھی ان کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کو یاد کرتے ہوئے علمی معیار کے فروغ اور ادارہ جاتی ترقی کے تئیں ان کے عزم کو سراہا۔

اے ایم یو میں اپنی خدمات کے دوران پروفیسر ستھیسن نے تین بار شعبہ جدید ہندستانی السنہ کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین، اے ایم یو سینٹر ملپورم کے ڈائریکٹر، اے ایم یو کورٹ کے رکن اور ایگزیکیٹیو کونسل کے رکن سمیت کئی دیگر اہم ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔ان نمایاں خدمات کے اعتراف میں پروفیسر ستھیسن کو یادگاری نشان اور سپاس نامہ پیش کیا گیا۔

پروگرام کی نظامت ڈاکٹر طاہر ایچ پٹھان نے کی، جبکہ ڈاکٹر تمل سیلون نے اظہار تشکر کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande