
نئی دہلی، یکم جون (ہ س): محنت و روزگار و نوجوانوں اور کھیل کے امور کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ کی سالگرہ کے موقع پر وزیرِ اعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیرِ داخلہ و تعاون امت شاہ اور وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی صحت مندی اور درازی عمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ منسکھ مانڈویہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے محنت کشوں کے مفادات کے تحفظ اور فروغ میں بھی مانڈویہ کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ان کی طویل اور صحت مند زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے مرکزی وزیر کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بہترین صحت اور خوشحال زندگی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مانڈویہ عوامی زندگی میں خدمت اور لگن کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
مرکزی وزیرِ داخلہ اور تعاون امت شاہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم مودی کی قیادت میں منسکھ مانڈویہ مزدوروں کی فلاح و بہبود، ملک میں کھیلوں کی ثقافت کے فروغ اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے قابلِ ستائش کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان کی اچھی صحت اور دراز عمری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی مرکزی وزیر کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی فلاح، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینے میں ان کی خدمات نہایت قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے مانڈویہ کی صحت مند اور طویل زندگی کے لیے دعا کی۔
قابلِ ذکر ہے کہ منسکھ مانڈویہ یکم جون 1972 کو گجرات کے ضلع بھاونگر میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ طالب علمی کے زمانے سے ہی سماجی اور عوامی سرگرمیوں میں سرگرم رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے تنظیمی امور میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ 2012 میں راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے اور بعد میں مرکزی حکومت میں مختلف وزارتوں کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد