
گلدستہ سوسائٹی کے عید ملن تقریب میں قومی یکجہتی، بھائی چارے اور موسیقی کی گونج
علی گڑھ، یکم جون (ہ س)۔ علی گڑھ کی گل دستہ سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ دعوتِ عیدالاضحیٰ و عید ملن تقریب نہایت پُروقار، پُرجوش اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں شہر کی مختلف سماجی، سیاسی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کرکے قومی یکجہتی، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کے طور پر کانگریس پارٹی کے سٹی صدر نوید خان نے شرکت کی اور گل دستہ سوسائٹی کے اس اقدام کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں اور مختلف طبقات کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔
اس موقع پر سابق ایم ایل اے اور گل دستہ سوسائٹی کے صدر وویک بنسل نے کہا کہ عید ملن تقریبات محبت، بھائی چارے اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور ایسے پروگرام اس روایت کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔ تقریب کی خاص کشش موسیقی اور ثقافتی پروگرام رہے، جن میں معروف شاعر و گلوکار شکیل شیلی، وویک بنسل، مشتاق احمد سمیت دیگر فنکاروں نے اپنی دلکش آواز اور صوفیانہ کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
فنکاروں کی پیشکشوں نے محبت، انسانیت اور قومی یکجہتی کا پیغام عام کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ تقریب میں انعام الحق، محمد مجاہد، عابد علی، شاکر گولڈ، تسلیم، واحد الرحمن، عبدالحنان، بھورا بھائی، نوید، جانی فوسٹر، جاوید خان، فرحان محمد خان اور محمد ارشاد خان سمیت متعدد معزز شخصیات موجود رہیں۔
پروگرام کے منتظمین خضر خان، مشتاق احمد اور ڈاکٹر تاج الدین نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور عید ملن تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسے اجتماعات معاشرے میں محبت، اخوت اور باہمی احترام کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں۔ آخر میں تمام مہمانوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی اور ملک میں امن، ترقی اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
ہندوستھان ماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ