
نئی دہلی،یکم جون(ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے رئیل اسٹیٹ کے تاجر وکرم وادھوا کو آئی ڈی ایف سی بینک فراڈ کیس کی تحقیقات کے حصے کے طور پر گرفتار کیا ہے۔ای ڈی کے مطابق، ایجنسی کے چنڈی گڑھ زونل آفس نے وادھوا کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے)، 2002 کی دفعہ 19 کے تحت گرفتار کیا۔ خصوصی پی ایم ایل اے عدالت نے انہیں دو جون تک چار دن کی ای ڈی حراست میں بھیج دیا ہے۔تحقیقات سے پتہ چلا کہ ہریانہ حکومت، چنڈی گڑھ یو ٹی انتظامیہ، اور دو نجی اسکولوں کے آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک کھاتوں سے کل 645 کروڑ روپے عوامی رقم نکالی گئی۔
وادھوا مرکزی ملزموں میں سے ایک ہے، جس نے ربھو رشی، ابھے کمار، بینک حکام اور سرکاری اہلکاروں کے ساتھ مل کر دھوکہ دہی کو انجام دیا۔ وادھوا نے یہ رقم کئی جگہوں پر چھپائی اور اپنے ذاتی کھاتے میں 70 کروڑ روپے سے زیادہ وصول کیے۔ اس کے علاوہ، اس نے نقد رقم بھی اکٹھا کی اور اسے مختلف کمپنیوں اور غیر منقولہ جائیدادوں میں لگایا۔تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ کئی شیل کمپنیاں جیسے کیپکو فنٹیک سروسز، سواستک دیش پروجیکٹس، آر ایس ٹریڈرز، ایس آر آر پلاننگ گروس پرائیویٹ لمیٹڈ وغیرہ نے غبن کی گئی رقم براہ راست سرکاری کھاتوں سے وصول کی۔ان رقوم کو ملزموں اور ان سے وابستہ کمپنیوں کے کھاتوں میں منتقل کر دیا گیا۔ سینکڑوں کروڑ روپے زیورات فروشوں کو منتقل کیے گئے اور بدلے میں نقد رقم موصول ہوئی۔ یہ نقد رقم وادھوا سمیت سرکاری اہلکاروں اور تاجروں میں تقسیم کی گئی۔ای ڈی نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے پورے سلسلے کا پتہ لگانے اور دیگر مستفیدین اور اثاثوں کی شناخت کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس سے قبل اسی معاملے کے دیگر ملزم ربھو رشی اور ابھے کمار کو 11مئی کو گرفتار کیا گیا تھا اور 11 دن کے ریمانڈ کے بعد عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan