
علی گڑھ, یکم جون (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ شماریات و آپریشنز ریسرچ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عتیب الرحمٰن شیروانی کے ناگہانی انتقال پر شعبہ میں ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں ڈاکٹر شیروانی کا انتقال ہوگیا تھا۔
تعزیتی پیغام پڑھتے ہوئے شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر بشریٰ حسین نے ڈاکٹر شیروانی کو ایک باصلاحیت استاد اور ممتاز محقق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور معاشرے کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ تعزیتی جلسہ میں پروفیسر قاضی مظہر علی، پروفیسر عقیل احمد، ڈاکٹر حسیب اکبر، ڈاکٹر محمد اعظم خاں، ڈاکٹر مرشد کمال، ڈاکٹر فیض نور خاں یوسفی، ڈاکٹر شمشیر اور مسٹر فیض شیروانی سمیت دیگر اساتذہ نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق اور صبر جمیل عطا فرمائے۔
ایک دیگر تعزیتی جلسہ محسن الملک ہال میں منعقد ہوا، جہاں ڈاکٹر شیروانی، وارڈن کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ ہال کے پرووسٹ پروفیسر عقیل احمد نے سوگوار کنبہ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر ہال کے دیگر وارڈنز اور عملہ کے اراکین موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ