
جام نگر، یکم جون (ہ س)۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بیٹی ٹفنی ٹرمپ اور ان کے شوہر مائیکل بولوس خصوصی پرواز کے ذریعے گجرات کے جام نگر ایئرپورٹ پہنچے۔ ان کی آمد کے لیے ہوائی اڈے سے لے کر موٹی کھاوڑی کے ریلائنس کیمپس تک سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔
بتایا جا رہا ہے کہ وہ عالمی شہرت یافتہ جنگلی حیات اور جانوروں کے تحفظ کے مرکز ونتارا کا دورہ کرنے آئے ہیں۔ ٹفنی ٹرمپ اور مائیکل بولوس کے دورے کے پیش نظر جام نگر پولیس سمیت مختلف مرکزی سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر تھیں۔ ان کے قافلے میں جدید ترین بلٹ پروف گاڑیاں، پائلٹ جیپیں اور پولیس کی خصوصی حفاظتی گاڑیاں شامل تھیں۔ وی وی آئی پی موومنٹ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہوائی اڈے سے موٹی کھاوڑی تک پورے راستے پر وسیع رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔ قافلے کے گزرنے کے دوران کچھ دیر کے لیے عام ٹریفک بھی روک دی گئی جس سے کھمبالیہ روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔
ٹفنی ٹرمپ اور مائیکل بولوس ریلائنس انڈسٹریز کے ذریعہ قائم کردہ جنگلی حیات کے تحفظ اور بحالی مرکز ونتارا کا دورہ کریں گے۔ وہ ہندوستان اور بیرون ملک جانوروں اور پرندوں کی مختلف نایاب نسلوں کا مشاہدہ کریں گے اور ماہرین سے جنگلی حیات کے تحفظ، بحالی اور جدید طبی سہولیات سے متعلق عالمی معیار کے نظام کے بارے میں جانیں گے۔
دریں اثنا، ٹفنی ٹرمپ نے اپنے آفیشل ٹویٹر اور انسٹاگرام اکاو¿نٹس پر اپنے دورہ بھارت کی کئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ اپنی پوسٹس میں، انہوں نے کھل کر ہندوستان کی بھرپور ثقافت، ورثے اور مہمان نوازی کی تعریف کی ہے۔
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ