
نئی دہلی، یکم جون (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اندر تنظیمی تبدیلیوں اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کے لیے پارٹی کے اہم عہدیداروں کی ایک میٹنگ پیر کو یہاں جاری ہے۔ بی جے پی کے توسیعی دفتر میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ کی صدارت پارٹی کے قومی صدر نتن نوین کررہے ہیں۔ تمام قومی نائب صدور، تنظیم کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش، جنرل سکریٹری ونود تاوڑے، رادھا موہن اگروال، ترون چُغ اور تمام ریاستوں کے ریاستی صدور موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس میٹنگ کے اہم نکات مرکز میں حکومت کے 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کئے جانے والے خصوصی پروگراموں اور عوامی رابطہ مہم کا خاکہ تیار کرنا، بوتھ سطح پر پارٹی کو مضبوط کرنا اور مختلف ریاستوں میں پارٹی کی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں اور تنظیمی تبدیلیوں پر تفصیلی ذہن سازی کرنا ہے۔
تنظیمی روایت کے مطابق قومی صدر جون میں اپنی نئی ٹیم کا اعلان کرنے والے ہیں، لہٰذا موجودہ عہدے پر فائز رہتے ہوئے کئی عہدیداروں کی یہ آخری ملاقات ہو سکتی ہے۔ پارٹی نے مئی میں پہلے ہی چار ریاستی صدور کے ناموں کا اعلان کر دیا تھا اور امید ہے کہ پوری نئی ٹیم کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد