
عالمی یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر اے ایم یو میں بیداری پروگراموں کا اہتمام
علی گڑھ، یکم جون (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی اور سر ضیاء الدین ہال میں عالمی یومِ انسدادِ تمباکو 2026 کے موقع پر بیداری پروگراموں کا اہتمام کیا گیا، جن کا مقصد صحت مند اور تمباکو سے پاک طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور طلبہ و عملے کو تمباکو کے استعمال کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا تھا۔
شعبہ انگریزی کی جانب سے ‘‘تمباکو سے اجتناب کے عہد’’ کا ایک پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور عملے کے اراکین نے شرکت کی۔ شعبہ کی صدر پروفیسر شاہینہ ترنم نے شرکاء کو حلف دلایا، جس کے ذریعے انہوں نے تمباکو کے استعمال سے دور رہنے اور اس کے صحت، معاشرت اور معیشت پر پڑنے والے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اسی نوعیت کا ایک دیگر پروگرام سر ضیاء الدین ہال میں پرووسٹ ڈاکٹر افتخار احمد انصاری کی قیادت میں منعقد کیا گیا جس میں تمباکو سمیت دیگر نشہ آور اشیاء سے دور رہنے کے ساتھ ساتھ صحت اور معاشرے پر ان کے منفی اثرات کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کا عہد کیا گیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انصاری نے صحت مند عادات اپنانے کی اہمیت پر زور دیا اور طلبہ کو تلقین کی کہ وہ ایک صحت مند اور تمباکو سے پاک معاشرے کی تشکیل میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ