
کولکاتا، 07 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے بعد جاری سیاسی کشیدگی کے درمیان بدھ کی دیر رات شمالی 24 پرگنہ ضلع کے مدھیم گرام میں بی جے پی لیڈر اور حزبِ اختلاف کے رہنما شبھیندو ادھیکاری کے قریبی ساتھی چندر ناتھ رتھ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں شدید تناو پھیل گیا اور ریاست کی سیاست میں نیا ابال آگیا ہے۔
اس واقعے کو لے کر اب سیاسی الزامات اور جوابی الزامات میں تیزی آگئی ہے۔ بی جے پی حامیوں نے حملے کے پیچھے ترنمول کانگریس کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا ہے۔ وہیں ترنمول کانگریس نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے عدالت کی نگرانی میں سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ جمہوریت میں سیاسی تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے اور مجرموں کو جلد سزا ملنی چاہیے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، چندر ناتھ رتھ رات کو کولکاتا سے پارٹی پروگرام ختم کر کے اسکارپیو گاڑی سے مدھیم گرام میں واقع اپنے فلیٹ پر واپس لوٹ رہے تھے۔ رات تقریباً 11 بجے دوہاریہ علاقے میں ان کی گاڑی کو ایک چھوٹی کار نے روک لیا۔ اسی وقت پیچھے سے بائیک پر آئے حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور بالکل قریب سے کئی راونڈ فائرنگ کر دی۔ گولیاں کار کے بند شیشوں کو چیرتی ہوئی اندر جا لگیں۔
حملے میں چندر ناتھ رتھ کے سینے اور پیٹ میں گولی لگی۔ ان کے ڈرائیور بدھ دیو بیرا بھی فائرنگ میں زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگ دونوں کو فوراً اسپتال لے کر پہنچے، جہاں ڈاکٹروں نے چندر ناتھ رتھ کو مردہ قرار دے دیا۔ ڈرائیور کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
واقعے کی خبر ملتے ہی شبھیندو ادھیکاری اسپتال پہنچے۔ بعد میں مرکزی وزیر سوکانتا مجومدار، بی جے پی رکن اسمبلی ارجن سنگھ سمیت کئی بی جے پی لیڈر بھی وہاں پہنچے۔ بی جے پی کارکنوں نے جیسور روڈ پر احتجاج شروع کر دیا، جس سے علاقے میں تناؤ مزید بڑھ گیا۔ صورتحال کو سنبھالنے کے لیے بھاری تعداد میں پولیس، آر اے ایف اور مرکزی فورسز کو تعینات کیا گیا۔
ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سدھیناتھ گپتا نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ پولیس نے بتایا کہ حملے میں استعمال ہونے والی بائیک کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی تلاشی لی جا رہی ہے اور کیس کی تحقیقات سی آئی ڈی اور ایس ٹی ایف کے حوالے کر دی گئی ہے۔
چندر ناتھ رتھ بنیادی طور پر مشرقی میدنی پور ضلع کے چنڈی پور کے رہنے والے تھے۔ وہ پڑھائی میں بہت تیز تھے اور انہوں نے راہڑا رام کرشن مشن سے تعلیم حاصل کی تھی۔ ملک کی خدمت کے جذبے کے تحت انہوں نے بھارتی فضائیہ کی شارٹ ٹرم سروس میں بھی کام کیا تھا۔ بعد میں وہ سیاست سے وابستہ ہوئے اور طویل عرصے تک شبھیندو ادھیکاری کے قریبی ساتھی کے طور پر سرگرم رہے۔ شبھیندو ادھیکاری جب ترنمول کانگریس میں تھے، تب بھی چندر ناتھ ان کے ساتھ تھے۔ سال 2020 میں شبھیندو کے بی جے پی میں آنے کے بعد چندر ناتھ بھی بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن