
علی گڑھ, 07 مئی (ہ س) کلچرل ایجوکیشن سینٹر (سی ای سی) کے تحت یونیورسٹی ایکو کلب کی جانب سے منعقدہ دو روزہ ماحولیاتی بیداری اور پائیداری پر مبنی فیسٹیول ”ایکو فیسٹا 2026“ مختلف بیداری پروگراموں، مقابلوں اور ثقافتی شام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔اختتامی دن کا آغاز ایک ”ایکو واک“سے ہوا، جس کے شرکاء نے ایکو کلب سے ایم ایم ہال تک اور واپس، ریلی نکال کر ماحولیاتی بیداری کا پیغام عام کیا۔ شرکاء کو رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ پروگرام میں شعبہ وائلڈ لائف سائنس کے چیئرمین پروفیسر ستیش کمار، ڈاکٹر کلیم احمد، ڈاکٹر احمد مسعود خان، ایکو کلب کے مینٹرز ڈاکٹر شرد کمار اور ڈاکٹر ایاز احمد سمیت طلبہ اور رضاکاروں نے شرکت کی۔
بعد ازاں سی ای سی کمپلیکس میں ”فضلے کا بہتر استعمال“ موضوع پر ایک ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں ریسورس پرسن مس نازیہ بیگم نے بے مصرف اشیاء کے مؤثر استعمال اور اَپ سائیکلنگ کی تکنیکوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پائیدار طرزِ زندگی اور ماحولیاتی ذمہ داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔فیسٹیول کے دوران ایک ماحولیاتی کوئز مقابلہ عامر جیلانی کی نگرانی میں منعقد ہوا، جبکہ پوسٹر سازی اور نعرہ نویسی کے مقابلے محمد انس بن احسن اور سارہ مصطفیٰ کی نگرانی میں منعقد ہوئے۔ ججوں میں یونیورسٹی ایکو کلب کی صدر پروفیسر عروس الیاس اور مینٹر ڈاکٹر شرد کمار شامل تھے۔اختتامی تقریب میں مختلف مقابلوں کے شرکاء، رضاکاروں اور انعام یافتگان کی خدمات کو سراہا گیا۔ تقریب کی نظامت پروفیسر عروس الیاس، ایکو کلب کے سکریٹری مسٹر عبدالرحمن، اور مینٹرز ڈاکٹر شرد کمار و ڈاکٹر ایاز احمد نے کی۔ فیسٹیول کا اختتام ایک ثقافتی شام پر ہوا، جس میں یونیورسٹی ویسٹرن میوزک کلب کے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ پیش کیا۔ اس دوران شریک فنکاروں کو اعزاز سے بھی نوازا گیا۔اس سے قبل فیسٹیول کے افتتاحی اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، کمشنر علی گڑھ ڈویژن محترمہ سنگیتا سنگھ آئی اے ایس، اور سی ای سی کے کوآرڈینیٹر پروفیسر محمد رضوان خان نے شرکت کی۔اس پروگرام کو اسٹیٹ بینک آف انڈیا، اے ایم یو برانچ، اور دواخانہ طبیہ، اے ایم یو کا تعاون حاصل رہا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ