
علی گڑھ, 06 مئی (ہ س) ۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر دفتر میں انگلش اسٹڈیز میں نمایاں تعلیمی کارکردگی سے متعلق ’پروفیسر سیمیں حسن میموریل میڈل‘ کی تقسیم کے لئے ایک تقریب منعقد کی گئی۔ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر ایم اطہر انصاری نے حاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس یادگاری ایوارڈ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جو شعبہ انگریزی کی پروفیسر سیمین حسن مرحومہ کے اہل خانہ کی جانب سے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس میڈل کے ساتھ بی اے اور ایم اے انگلش میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے 50 ہزار روپے کا نقد انعام بھی شامل ہے۔ اس سال ایم اے انگلش کا ایوارڈ بیگم عزیز النساء ہال کی سابق رہائشی مس اسماء حمید کو تعلیمی سال 2025-26 میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے پر دیا گیا۔ بی اے زمرہ میں یہ ایوارڈ اس سال نہیں دیا جا سکا کیونکہ مذکورہ سیشن کے دوران ایف وائی یو پی کے تحت سالِ آخر میں کوئی طالب علم داخل نہیں تھا۔ اس موقع پر پروفیسر آصف حسن، پروفیسر شاہینہ ترنم، پروفیسر ٹی این ستھیسن، پروفیسر وبھا شرما، پروفیسر وشال شرما، پروفیسر ایس ابرار حسن اور ڈاکٹر ایس سیف حسن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر سیمیں حسن کی علمی و انتظامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اسماء حمید نے بھی اپنی استاد کو یاد کیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ڈپٹی ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر صبوحی خان نے بیگم سلطان جہاں ہال کی پرووسٹ کے طور پر تین ادوار میں پروفیسر سیمیں حسن کی خدمات کو اجاگر کیا اور کلماتِ تشکر پیش کیے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈی ایس ڈبلیو ڈاکٹر فیروز عالم، ڈاکٹر ارشد اقبال، ڈاکٹر عتیب اے خان اور ڈاکٹر اجمل حسین سمیت مسٹر بختیار صدیقی اور مسٹر فیض احمد بھی موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ