
جموں، 06 مئی (ہ س)۔
جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کو اپنے قیام کے تقریباً 99 برس بعد باضابطہ طور پر رجسٹر کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر و لداخ کے جموں ونگ کے بار ہال میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے دوران عہدیداران نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن سوسائٹیز کے رجسٹرار کے ساتھ مکمل ہو چکی ہے، جسے قانونی برادری کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جوائنٹ ڈائریکٹر رجسٹرار آف سوسائٹیز جموں نیلم کھجوریا نے چیف جسٹس ارون پلی اور دیگر جج صاحبان کی موجودگی میں پیش کیا۔ اس موقع پر ہائی کورٹ کے متعدد جج بھی موجود تھے۔
تقریب میں سینئر اور جونیئر وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ ایسوسی ایشن گزشتہ کئی دہائیوں سے جموں خطے کی قانونی برادری کی نمائندگی کرتی آ رہی ہے اور عوامی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر کے نرمل کوتوال نے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون اور اعتماد سے یہ دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن سے ادارہ جاتی ڈھانچہ مزید مضبوط ہوگا اور خدمات کا دائرہ وسیع ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر