
جموں, 06 مئی (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے محکمہ تعمیراتِ عامہ کے جاری منصوبوں میں تاخیر اور ناقص معیار پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ سڑکوں، عمارتوں، پی ایم جی ایس وائی، شہری و دیہی ترقیاتی اسکیموں اور نابارڈ کے تحت جاری تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ضروری تاخیر کے ذمہ دار ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے معیار اور کارکردگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت اور تعلیم سے متعلق منصوبوں سمیت تمام کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے سائٹ کا معائنہ کریں اور منصوبوں کی نگرانی کے لیے بار چارٹ آویزاں کریں۔
انہوں نے بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو جلد شروع کرنے اور مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور بلیک ٹاپنگ، سڑکوں کی کشادگی اور دیگر ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی تکنیکی منظوری، ٹینڈرنگ اور فنڈز کی فراہمی کے عمل کو بھی تیز کرنے پر زور دیا۔
اجلاس میں رامبن پل، مجالتہ پل، پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس ادھم پور، نیا اسمبلی کمپلیکس جموں، پرگوال–اندرپاتی پل اور بلیوارڈ روڈ سمیت کئی اہم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ان منصوبوں پر کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے رام نگر حادثے پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خراب پیراپیٹس کو فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیاری طریقے سے مکمل ہو سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر