
حیدرآباد ، 6 مئی (ہ س) ۔ راجنا سرسلہ ضلع کے گمبھی راوپیٹ میں آج نائب وزیراعلی بھٹی وکرمارکا نے ریاستی وزراء تملا ناگیشورراو، ڈی سریدھر بابو اور پونم پربھاکر بشمول صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی کے ہمراہ گمبھی راوپیٹ کا دورہ کیا،جہاں انکا سابق رکن اسمبلی کے مرتینجم، گورنمنٹ وہپ اے سرینواس ،ڈسٹرکٹ کلکٹرگریما اگروال اورضلع ایس پی مہیش بی گیتے نے ہیلی پیڈ پر ان کا شانداراستقبال کیا۔ دورے کے دوران بایو گیس پلانٹ کا افتتاح انجام دیا گیا اورکسانوں سے متعلق مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ زرعی اور نامیاتی فضلے کے ذریعے گیس پیدا کرکے نہ صرف توانائی حاصل کی جاسکتی ہے بلکہ کسانوں کیلئے مستقل آمدنی کا ذریعہ بھی پیدا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کامقصد کسانوں کوطویل مدتی فائدہ پہنچانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھرمیں گرین انرجی کو فروغ دیا جارہا ہے اورماحول کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات ناگزیرہیں۔ نائب وزیراعلیٰ نے کسانوں کو دالوں اورملٹس (موٹے اناج) کی کاشت کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ان فصلوں سے بہترمنافع حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کسانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔انہوں نے فصلوں کی تبدیلی (کراپ روٹیشن)کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ اس سے کسانوں کوفائدہ ہوگا،جبکہ بایوگیس منصوبے کے ذریعے نوجوانوں کوروزگارکے مواقع بھی میسرآئیں گے۔ وزیرپونم پربھاکر نے کہا کہ پٹرول وڈیزل کے متبادل کے طورپر گیس، SNG اورالیکٹرک ذرائع کوفروغ دیاجارہا ہے اورحکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق