
جموں, 06 مئی (ہ س)۔
عوامی فلاح و بہبود اور احتیاطی صحت کے فروغ کے تحت شری ماتا ویشنو دیوی نارائنا سپر سپیشلٹی اسپتال ایس ایم وی ڈی این ایس ایچ نے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی) جی ایم سی روڈ ادھم پور میں نشہ مکت بھارت کے موضوع پر ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا۔
اس موقع پر شعبہ نفسیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر انوج پریہ درشی شرما نے 72 شرکاء، بالخصوص نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اس کے مضر اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی اور سماجی سطح پر بھی شدید نقصان کا باعث بنتا ہے، اس لیے نوجوانوں میں بروقت بیداری اور درست فیصلہ سازی انتہائی ضروری ہے۔
یہ پروگرام نشہ مکت بھارت مہم کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد معاشرے کو منشیات سے پاک بنانا ہے۔ اس مہم کی قیادت لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کر رہے ہیں۔
اس دوران شری ماتا ویشنو دیوی انسٹیوٹ آف میڈیکل ایکسیلنس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر یش پال شرما نے کہا کہ اس طرح کے بیداری پروگرام نوجوان نسل کو منشیات کے نقصانات سے بچانے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال کی سماجی سرگرمیوں کو شرائن بورڈ کی بھرپور حمایت حاصل ہے، جو عوام کو معیاری صحت سہولیات فراہم کرنے اور شعور بیدار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
پروگرام کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مستقبل میں بھی ایسے بیداری پروگرام جاری رکھے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر