کیرل میں انڈین یونین مسلم لیگ کی شاندار کامیابی پر مشاورت کی مبارک باد
نئی دہلی،06مئی (ہ س)۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج پر اپنے ردعمل میں آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے جہاں کیرل میں یوڈی ایف کی کامیابی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انڈین یونین مسلم لیگ کو مبارک باد پیش کی ہے وہیں مغربی بنگال اور آسام کے نتائج اور ان ریاستوں
کیرل میں انڈین یونین مسلم لیگ کی شاندار کامیابی پر مشاورت کی مبارک باد


نئی دہلی،06مئی (ہ س)۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج پر اپنے ردعمل میں آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے جہاں کیرل میں یوڈی ایف کی کامیابی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انڈین یونین مسلم لیگ کو مبارک باد پیش کی ہے وہیں مغربی بنگال اور آسام کے نتائج اور ان ریاستوں سے آنے والی انتخابی دھاندلیوں کی خبروں پر اظہار تشویش کیا ہے۔ملک کی مسلم تنظیموں کے وفاق (مشاورت) کے صدر فیروزاحمد ایڈوکیٹ نے مشاورت کی رکن جماعت مسلم لیگ کے صدر پروفیسر کے ایم قادر محی الدین کے نام مبارک کے خط میں کہا ہے کہ پارٹی کی قیادت، کارکنان اور حامیان کیرالہ اسمبلی انتخابات میں قابل تحسین کارکردگی پر دلی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ یہ کامیابی عوام کے اس گہرے اعتماد اور یقین کی عکاس ہے جو انہوں نے یوڈی ایف اور مسلم لیگ کی قیادت پر ظاہر کیا ہے، لوگوں نے جمہوری اقدار، ہمہ گیر ترقی، سماجی انصاف اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے عزم پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ مشاورت نے کہا ہے کہ عوامی زندگی میں مسلم لیگ کے قائدین و کارکنان کی مسلسل موجودگی اور تعمیری کردار ملک کے سیکولر تشخص اور کثرت میں وحدت کے تصور کو مضبوط بناتا ہے۔ جبکہ دوسری طرف مغربی بنگال اور آسام میں الیکشن سے پہلے لاکھوں شہریوں کو ایس آئی آر کی آڑ میں ووٹ کے حق سے محروم کردئے جانے کو اندوہناک واقعہ کے طور پر لیتے ہوئے ان ریاستوں کے نتائج کو جمہوریت کی شکست قرار دیا ہے،کہا ہے کہ اس سے ملک میں بزور طاقت اقتدار پر قابض ہونے اور اس کے لئے سرکاری ایجنسیوں کو استعمال کرنے کی مذموم روایت قائم کی جارہی ہے۔منگل کو یہاں اسمبلی انتخابات کے نتائج پر غور و خوض میں مشاورت کے صدر فیروز احمد ایڈوکیٹ کے ساتھ جنرل سکریٹری احمدجاوید، ریاستی صدر ڈاکٹر ادریس قریشی، معروف صحافی و رکن ریاستی مشاورت اشرف بستوی، ریاستی رکن مشاورت شیر محمد اور دیگر ارکان شریک تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande