
اندور میں 9 سے 13 جون تک ہوگا برکس ممالک کے وزرائے زراعت کا اجلاس: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو
۔ ریاستی حکومت کے ڈھائی سال مکمل ہونے پر 8 سے 10 مئی میں ہوگی محکمہ جاتی جائزہ میٹنگ
۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کابینہ کے اجلاس سے پہلے کیا خطاب
بھوپال، 05 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ یہ فخر کی بات ہے کہ برکس ممالک کے وزرائے زراعت کا اجلاس 9 سے 13 جون تک اندور میں ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی ابھرتی ہوئی معیشتوں والے ممالک کے اس گروپ کو وزیر اعظم نریندر مودی مزید بااختیار بنا رہے ہیں۔ رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت اور جیو پولیٹیکل مکالمے کو بڑھانا برکس تحریک کا مقصد ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پیر کو کابینہ کے اجلاس سے پہلے اپنے خطاب میں یہ معلومات دی۔
انہوں نے کہا کہ برازیل، روس، ہندوستان، چین، جنوبی افریقہ، یوگنڈا، مصر، سعودی عرب، ملیشیا، نائیجیریا، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، کولمبیا، انڈونیشیا وغیرہ 21 ممالک کے وزراء اجلاس میں شامل ہوں گے۔ اجلاس میں سینئر زرعی سائنسداں، پالیسی ساز وغیرہ بھی شرکت کریں گے۔ یہ 5 روزہ اجلاس مکمل وقار کے ساتھ ہو، یہ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بتایا کہ کھرگون کے جلود میں میگا سولر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا گیا ہے۔ پی پی پی موڈ پر 271 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم 60 میگاواٹ صلاحیت کا یہ پاور پلانٹ میونسپل کارپوریشن اندور کے ذریعے گرین بانڈ اسکیم کے تحت لگایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بتایا کہ عوامی شراکت داری سے چلنے والی اس اسکیم میں ایک ایک لاکھ روپے تک کے 10 بانڈ تک لینے کی اجازت تھی۔ اس پر سالانہ 8.27 فیصد کی شرح سے سود دیا جائے گا۔ پروجیکٹ کی لاگت 8 سال میں حاصل ہو جائے گی، یہ پروجیکٹ 20 سال تک فعال رہے گا۔ اس سے تقریباً 35 سے 60 کروڑ روپے تک کی بچت میونسپل کارپوریشن اندور کو ہوگی۔ اس پروجیکٹ سے عوامی شراکت داری کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کے مواقع بھی عام لوگوں کو حاصل ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وزراء کو اپنے اپنے چارج والے اضلاع میں شہری اداروں اور دیگر اداروں کے ذریعے شمسی توانائی پر مبنی اس قسم کے منصوبوں کے قیام اور آپریشن کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت کی ڈھائی سال کی مدت کار مکمل ہو رہی ہے۔ مورخہ 8 سے 10 مئی کے درمیان محکمہ جاتی وزراء اور محکمہ جاتی افسران کے ساتھ بات چیت کا پروگرام طے کیا جا رہا ہے۔ اس میں وزراء اپنے محکمے اور اپنے چارج والے ضلع کی کامیابیوں، اختراعات، آئندہ کے ایکشن پلان اور چیلنجوں کے بارے میں معلومات دیں گے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ہدایت دی کہ ضلع ترقیاتی کمیٹیوں کا اجلاس 12 مئی سے پہلے چارج والے ضلع میں لازمی طور پر منعقد کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے مختلف کارپوریشنوں/ بورڈوں میں غیر سرکاری تقرریاں اور نامزدگیاں کی گئی ہیں۔ اپنے اپنے محکمے میں وزراء ان تمام کی رہنمائی اور تربیت کریں۔ ریاستی سطح پر بھی ان سب کی ایک روزہ تربیت منعقد کی جائے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بتایا کہ بھوپال میں 30 اپریل کو کسانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی آمدنی میں اضافے کے مقصد سے ’کرشی کرمیوگی‘ تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ ورکشاپ میں تمام 55 اضلاع، بلاک، کلسٹر لیول اور گرام پنچایتوں سے زراعت سے وابستہ 16 محکموں کے 1627 منتخب افسران اور ملازمین شامل ہوئے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے گیہوں کی خریداری کے سلسلے میں بتایا کہ 19 لاکھ کسانوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔ خریداری کی تازہ ترین صورتحال 41 لاکھ میٹرک ٹن ہے، جس کے لیے 6520 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔ اب تک 14.70 لاکھ سلاٹ بکنگ کسانوں کے ذریعے کی گئی ہے۔ فروخت کرنے والے کسانوں کی تعداد 7 لاکھ 77 ہزار ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں ’لیبر اسٹار ریٹنگ‘ کی انوکھی پہل شروع کی گئی ہے۔ اس میں صنعتی اداروں کے ذریعے مزدوروں کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانے کا کام کیا جا رہا ہے۔ بہترین کام کے لیے اداروں کی لیبر اسٹار ریٹنگ کے ذریعے جانچ کر کے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس سے قوانین پر بہتر طریقے سے عمل کرنے والے صنعتی اداروں کی ساکھ میں اضافہ ہوگا۔ ریاست میں 554 کارخانوں نے رضاکارانہ طور پر لیبر اسٹار ریٹنگ کے نظام کو اپنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ایسے اداروں سے مصنوعات خریدنے اور خدمات لینے میں ترجیح بھی دی جائے جو مزدور بھائیوں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مختلف ریاستوں میں انتخابات کے نتائج کے سلسلے میں کہا کہ مغربی بنگال، کیرالہ، آسام، تمل ناڈو اور پڈوچیری کے اسمبلی انتخاب کے نتائج ہندوستانی سیاست کی تاریخ میں رقم ہو گئے۔ اس کا سہرا پوری طرح سے وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو جاتا ہے۔ بنگال میں تاریخی جیت حاصل ہوئی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بنگال چیتنیہ مہاپربھو، سوامی وویکانند، گرو دیو ربیندر ناتھ ٹیگور، نیتا جی سبھاش چندر بوس اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی جیسی عظیم شخصیتوں کی جائے عمل رہا ہے۔ یہ تاریخی جیت بنگال کے کارکنوں کی جدوجہد اور قربانی کا نتیجہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن