

بھاگلپور، 4 مئی (ہ س)۔ بہار کے بھاگلپور میں گنگا ندی پر واقع وکرم شیلا پل ایک بار پھر خطرے کی زد میں ہے۔ رات تقریباً 12:50 بجے پل کے پلرنمبر 133 کے قریب سڑک کا ایک بڑا سلیب اچانک ٹوٹ کر گنگا میں گر گیا۔غنیمت رہی کہ موقع پر تعینات پولیس اہلکار وں اور انتظامیہ کی چوکسی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اس وقت کئی گاڑیاں پل پر موجود تھیں، لیکن وقت رہتے ہوئے تمام گاڑیوںکو پیچھے ہٹا کر محفوظ مقام پر لے جایا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ نول کشور چودھری جائے وقوعہ پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی وجوہات کی بناء پر وکرم شیلا پل پر ٹریفک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پل کے دونوں سروں پر بیرکینڈنگ کر دی گئی ہیں۔ تحقیقات کے لیے تکنیکی ماہرین کی ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی پرمود یادو نے بتایا کہ تمام گاڑیوں کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا جا رہا ہے۔ اب بھاگلپور سے نوگچھیا اور سیمانچل جانے والے لوگوں کو مونگیر اور سلطان گنج کے راستے سفر کرنا پڑے گا۔غور طلب ہے کہ وکرم شیلا پل شمالی اور جنوبی بہار کو جوڑنے والا ایک اہم لنک ہے۔ اس کے بند ہونے سے عام لوگوں کی آمدورفت اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan