راجستھان کے کئی اضلاع میں گرج چمک، بارش اور ژالہ باری نے زندگی کو متاثر کیا
جے پور، 4 مئی (ہ س)۔ ویسٹرن ڈسٹربنس نے راجستھان میں تباہی مچا رکھی ہے۔ اتوار کو کئی اضلاع بشمول دوسہ، کوٹ پٹلی بہرور، الور اور ہنومان گڑھ میں شدید گرج چمک، بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ درخت گرگئے، بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا اور متعدد مقامات پر ٹریفک
راجستھان کے کئی اضلاع میں گرج چمک، بارش اور ژالہ باری نے زندگی کو متاثر کیا


جے پور، 4 مئی (ہ س)۔

ویسٹرن ڈسٹربنس نے راجستھان میں تباہی مچا رکھی ہے۔ اتوار کو کئی اضلاع بشمول دوسہ، کوٹ پٹلی بہرور، الور اور ہنومان گڑھ میں شدید گرج چمک، بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ درخت گرگئے، بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا اور متعدد مقامات پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ بعض علاقوں میں جھونپڑیاں بھی اڑ گئیں جبکہ کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔

تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی تیز آندھی، بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے دوسہ ضلع کے مان پور علاقے میں حالات مزید خراب ہو گئے۔ جے پور-آگرہ قومی شاہراہ پر مان پور چوراہے کے قریب ایک درخت گر گیا، جس کی وجہ سے تقریباً 40 منٹ تک ٹریفک جام رہا۔ مہندی پور بالاجی علاقے میں بھی ژالہ باری ہوئی جس سے دیہی علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔

الور ضلع کے رام گڑھ علاقے کے ملک پور گاو¿ں میں ایک زوردار طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ کئی بڑے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور جھونپڑیاں اڑ گئیں۔ ملاکھیڑا کے علاقے میں ژالہ باری سے سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ ہنومان گڑھ کے راوتسر اور کوٹ پٹلی بہرور کے نارائن پور علاقے میں بھی ژالہ باری ہوئی۔

راجدھانی جے پور میں ہوا محل کے سامنے ایک درخت گر گیا جس سے بڑی چوپر روڈ پر ٹریفک میں خلل پڑا۔ محکمہ موسمیات نے جے پور سمیت 19 اضلاع میں گرج چمک اور بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے اور آٹھ اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ریاست بھر کے بیشتر شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے نیچے گر گیا۔ ڈونگر پور میں کم سے کم درجہ حرارت 33 ڈگری، ہنومان گڑھ میں 35.7 ڈگری اور فتح پور (سیکر) میں 37 ڈگری رہا۔ تاہم کوٹہ اور جودھپور جیسے شہروں میں گرمی کی لہر برقرار رہی جہاں درجہ حرارت 42 سے 44 ڈگری تک پہنچ گیا۔

جھنجھنو ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 39 ملی میٹر بارش ہوئی۔ سیکر، ادے پور، اجمیر اور الور سمیت کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں کمی سے گرمی سے راحت ملی، لیکن نمی برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے ہفتوں میں ریاست میں شدید بارشیں ہوں گی۔گرج چمک کے ساتھ بارش، اور گرد و غبار کے طوفان ماہ کے آخر تک جاری رہنے کے امکانات ہیں ۔ جیسلمیر میں ہیٹ ویو کے پیش نظر 8ویں جماعت تک کے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ جہاں ریاست بھر میں بدلتے موسم نے گرمی سے راحت حاصل کی ہے، وہیں تیز طوفان اور ژالہ باری نے عوامی زندگی، نقل و حمل اور زراعت پر نمایاں اثر ڈالا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande