
اترکاشی، 30 مئی (ہ س)۔ اترکاشی کے ضلع گنگنانی-بھٹواڑی مارگ پر دیر رات سڑک حادثے میں دو لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ تین دیگر شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ کار میں کل پانچ لوگ سوار تھے۔ حادثے کے بعد اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) نے اندھیرے اور مشکل حالات میں راحت اور بچاو مہم چلا کر زخمیوں کو محفوظ باہر نکالا۔
معلومات کے مطابق جمعہ کی دیر رات ڈی سی آر اترکاشی سے ایس ڈی آر ایف کو اطلاع ملی کہ گنگنانی کے پاس ایک سوئفٹ کار بے قابو ہو کر گہری کھائی میں گر گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف پوسٹ بھٹواڑی کی ٹیم سب انسپکٹر گبر سنگھ اور پوسٹ اجیلی کی ٹیم کانسٹیبل شکتی سنگھ کی قیادت میں ضروری ریسکیو آلات کے ساتھ جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہوئی۔ موقع پر پہنچی ٹیم نے دیکھا کہ گاڑی گہری کھائی میں گری ہوئی تھی۔ دو افراد کی موقع پر ہی موت ہو چکی تھی، جبکہ تین دیگر شدید زخمی تھے۔
متوفیان کی شناخت دامودر ہری رام جی رام ٹیککر (77 ) اور لکشمی دامودر رام ٹیککر (67)، رہائشی ناگپور، مہاراشٹر کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں ومل کمار پردھان (61) ساکن بھوبنیشور اڈیشہ، یشویر (35) ساکن پنجاب اور اپاسنا پردھان (54 برس) ساکن بھوبنیشور اڈیشہ شامل ہیں۔
ایس ڈی آر ایف کے جوانوں نے رات کے اندھیرے اور مشکل جغرافیائی حالات کے باوجود فوری ریسکیو مہم چلائی۔ زخمیوں کو کھائی سے محفوظ باہر نکال کر ابتدائی طبی امداد دی گئی اور سڑک تک پہنچانے کے بعد ایمبولینس کے ذریعے اسپتال بھیجا گیا۔ وہیں لاشوں کو کھائی سے نکال کر ضلع پولیس کے سپرد کر دیا گیا۔ پولیس حادثے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن