
سیوان فائرنگ معاملے کا کلیدی ملزم انکاؤنٹر میں مارا گیا
سیوان، 3 مئی (ہ س)۔ بہار میں سیوان ٹاؤن تھانہ علاقہ کے اندر ڈھالہ کے قریب 29 اپریل 2026 کے فائرنگ معاملہ میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کلیدی ملزم کو انکاؤنٹر میں مار گرایا ہے۔ بڑہریا تھانہ علاقہ کے لکڑی گاؤں کے قریب پولیس اور بدمعاشوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں 25ہزار کے انعامی بدمعاش سونو کماریادو کی موت ہوگئی۔ سونو یادو ولد گرجو یادو ساکن حسین گنج تھانہ علاقہ کے سریا گاؤں کے رہنے والا تھا اور فائرنگ واقعہ کا کلیدی شوٹر تھا۔
الزام ہے کہ اس نے ہرش کمار کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا، جب کہ بی جے پی لیڈر منوج سنگھ کے بہنوئی چندن سنگھ اس حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ بدمعاش واردات کرنے کے ارادے سے برہریا کی طرف جارہا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ پورن کمار جھا کی ہدایت پر ایس ڈی پی او اجے کمار سنگھ کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ جیسے ہی پولیس نے گھیر ابندی کی اور تلاشی کی کارروائی کی، بدمعاشوں نے فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں سونو یادو شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس اسے علاج کے لیے صدر اسپتال لے گئی، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس معاملے میں چھوٹو یادو کو جھڑپ کے بعد پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے اور اس وقت وہ پٹنہ کے پی ایم سی ایچ میں زیرعلاج ہے۔ وہیں واقعہ میں استعمال کی گئی گاڑی کے ساتھ سنیل یادو کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
اس انکاؤنٹر کے بعد علاقے میں پولیس کی چوکسی مزید بڑھا دی گئی ہے۔ باقی مفرور ملزمین کی تلاشی کے لیے مسلسل چھا پہ ماری کی جارہی ہے حالانکہ اس پورے معاملے پر ابھی تک کوئی سرکاری تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا جس سے کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan