
وزیر اعلیٰ نے سابق وزیر اعظم 'بھارت رتن' چودھری چرن سنگھ کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا
لکھنو، 29 مئی (ہ س)۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو سابق وزیر اعظم بھارت رتن چودھری چرن سنگھ کو ان کی برسی پر دلی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ودھان بھون میں ان کے مجسمے پر پھول چڑھائے۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ چودھری چرن سنگھ کو مادر ہند کے عظیم فرزند اور کسانوں کا مسیحا قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ 23 دسمبر 1902 کو اتر پردیش میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ ملک کی آزادی کی تحریک میں شامل تھے۔ زراعت اور محصولات کے شعبوں میں انہوں نے متعدد اصلاحات کیں۔ ان کا یقین تھا کہ قومی ترقی کا راستہ دیہاتوں، کھیتوں اور کھلیانوں سے ہوکرجاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کو حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے اور ترجیح کا حصہ بننا چاہیے۔ حکومت کی اسکیمیں کسانوں کو ذہن میں رکھ کر بنائی جائیں۔ چودھری چرن سنگھ کو قومی مفاد میں کام کرنے پر بھارت رتن سے بھی نوازا گیا۔
وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ اتر پردیش حکومت چودھری چرن سنگھ کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے کسانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد پروگرام چلا رہی ہے۔ ان میں لکھنو¿ میں چودھری چرن سنگھ سیڈ پارک کی تعمیر بھی اہم ہے۔ ایک ممتاز سیاست دان ہونے کے ساتھ ساتھ انہوں نے ملک اور معاشرے کے لیے بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کا انتقال 29 مئی 1987 کو ہوا۔
اس دوران کابینی وزیر سواتنتر دیو سنگھ، ریاستی وزیر کے پی ملک، میئر سشما کھروال، راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ برجلال، ایم ایل اے نیرج بورا، امریش کمار، قانون ساز کونسل کے اراکین لال جی پرساد نرمل، رام چندر پردھان، امیش دویدی وغیرہ موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی