ٹویشا شرما موت معاملہ: کورٹ نے ساس گری بالا اور شوہر سمرتھ کو پانچ پانچ دن کی سی بی آئی ریمانڈ پر بھیجا
آمنے سامنے بٹھا کر سی بی آئی کرے گی پوچھ گچھ بھوپال، 29 مئی (ہ س)۔ اداکارہ اور ماڈل ٹویشا شرما کی مشکوک موت کے معاملے میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے جمعہ کے روز متوفیہ کی ساس (ریٹائرڈ جج) گری بالا سنگھ اور شوہر
گری بالا سنگھ اور سمرتھ کو کورٹ لے جاتی سی بی آئی


آمنے سامنے بٹھا کر سی بی آئی کرے گی پوچھ گچھ

بھوپال، 29 مئی (ہ س)۔ اداکارہ اور ماڈل ٹویشا شرما کی مشکوک موت کے معاملے میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے جمعہ کے روز متوفیہ کی ساس (ریٹائرڈ جج) گری بالا سنگھ اور شوہر سمرتھ سنگھ کو جج شوبھنا بھلاوے کے سامنے پیش کیا۔ جہاں عدالت نے سی بی آئی کے مطالبے پر دونوں کو 5-5 دن کی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

دراصل، سماعت کے دوران جانچ ایجنسی کے وکیلوں نے معاملے کی کڑیوں کو جوڑنے اور گہرائی سے پوچھ گچھ کے لیے دونوں ملزمان کی 5-5 دن کی ریمانڈ مانگی، جس پر دفاعی فریق کے وکیلوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ عدالت نے دونوں کی 5 دن کی سی بی آئی ریمانڈ منظور کر لی ہے۔ سمرتھ سنگھ پہلے سے ہی سی بی آئی کی حراست میں تھا، جس کی ریمانڈ کی مدت میں اب 5 دن کا مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ عدالت میں پیشی سے پہلے سمرتھ کا جے پی اسپتال اور گری بالا سنگھ کا مینیٹ احاطے میں میڈیکل چیک اپ کرایا گیا۔ جمعہ کو عدالتی کارروائی کے دوران دونوں ملزمان کو ایک ہی کٹہرے میں کھڑا کیا گیا، جہاں متوفیہ کے والد کی جانب سے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا اور گری بالا سنگھ کی طرف سے سینئر وکیل نتیا موجود رہیں۔

سی بی آئی اس ہائی پروفائل معاملے کی پرتیں کھولنے کے لیے اب ملک کے جدید ترین طریقۂ جانچ کا استعمال کر رہی ہے۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق، معاملے کو سلجھانے کے لیے ’ٹنل ویو انویسٹی گیشن‘ تکنیک کا سہارا لیا جا رہا ہے، جس کے تحت ٹویشا کی زندگی کے آخری گھنٹوں کا ایک ورچوئل ری کری ایشن تیار کیا جا رہا ہے۔ جانچ ایجنسی کیمروں کے ٹائم اسٹیمپ، موبائل فون ڈیٹا، وائی فائی لاگ، کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) اور ٹاور لوکیشن کا ملان کر کے ایک سیمولیٹڈ ورچوئل واک تھرو اور ٹویشا کا ’ڈیجیٹل اوتار‘ تیار کر رہی ہے۔ اس کے ذریعے تین منزلہ مکان کے اندر ٹویشا کی آخری لوکیشن، کمروں میں ملزمان کی آمد و رفت اور انٹرنیٹ کے استعمال کے وقت کا منٹ بہ منٹ ملان کیا جائے گا، تاکہ بیانات کے تضاد اور وقت کے پراسرار فرق کو پکڑا جا سکے۔

جمعرات کو 7 گھنٹے کی سخت پوچھ گچھ اور اسپاٹ ویریفکیشن کے دوران ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے پختہ اشارے ملنے کے بعد ہی گری بالا سنگھ کو گرفتار کیا گیا تھا۔

سی بی آئی کی اب تک کی جانچ میں موت کے پیچھے کی ایک اور بڑی اور حیران کن وجہ سامنے آئی ہے، جو براہِ راست معاشی ہراسانی سے جڑی ہے۔ جانچ میں پتہ چلا ہے کہ ٹویشا نے مختلف کمپنیوں کے تقریباً 20 لاکھ روپے کے شیئرز خرید رکھے تھے۔ ٹویشا کے وکیل انکور پانڈے نے بتایا کہ شادی کے وقت ان شیئرز کی قیمت 20 لاکھ روپے تھی۔ شادی کے بعد جب ٹویشا ویتنام کے دورے سے لوٹی، تب سمرتھ اور گری بالا سنگھ کو ان شیئرز کے بارے میں پتہ چلا۔ اس کے بعد سے ہی دونوں مل کر ان شیئرز کو اپنے نام ٹرانسفر کرانے کے لیے ٹویشا پر لگاتار دباؤ بنا رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بات بھی پختہ ہوئی ہے کہ ٹویشا نے موت سے کچھ وقت پہلے اپنی ماں سے فون پر روتے ہوئے کہا تھا کہ سمرتھ اور گری بالا جہیز کے مطالبے کو لے کر اس کے ساتھ بے رحمی سے ہاتھا پائی کرتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، دونوں مل کر اس کے بطن میں پل رہے بچے کو لے کر بھی اسے شدید ذہنی اور جسمانی طور پر ہراساں کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ 12 مئی کی رات بھوپال کے کٹارا ہلز میں واقع پرتعیش گھر میں ہوئی اس مشکوک موت کی جانچ پہلے مقامی پولیس کر رہی تھی، لیکن اہل خانہ کی جانب سے اثر و رسوخ کے باعث جانچ متاثر ہونے کے الزامات لگانے کے بعد کیس سی بی آئی کو ٹرانسفر کیا گیا تھا۔ 25 مئی کی رات کیس ہاتھ میں لیتے ہی سی بی آئی نے اپنی رفتار بڑھا دی ہے۔ اب ریمانڈ کے دوران سی بی آئی دونوں اہم ملزمان کو آمنے سامنے بٹھا کر واردات کی رات اصل میں کیا ہوا تھا اور سمرتھ نے اپنی فراری کے دن کہاں اور کن مددگاروں کے ساتھ گزارے، اس کے بارے میں پوچھ گچھ کرے گی۔ ساتھ ہی خاندان سے جڑے دیگر رشتہ داروں، گھر کے نوکروں، سیکیورٹی گارڈز اور واقعے کی رات رابطے میں آنے والے افراد سے بھی پوچھ گچھ ہو سکتی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande