



امیٹھی، 29 مئی (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع امیٹھی کے تحت منشی گنج تھانہ علاقے میں باندا-ٹانڈہ نیشنل ہائی وے پر دیر رات ایک دردناک سڑک حادثے میں تین نوجوانوں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور راحت و بچاو کے کاموں کو تیز کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی رات قریب 11 بجے یہ حادثہ منشی گنج کوتوالی علاقے کے تحت ٹیری لوکی پور گاوں کے پاس پیش آیا، جہاں پیاز سے لدا ہوا ایک تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو کر دو بائیکوں پر پلٹ گیا۔ واقعے کے بعد ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پیاز سے لدا ہوا ٹرک گوری گنج سے سلطان پور کی طرف جا رہا تھا کہ اسی دوران سامنے چلنے والی بائیک کو بچانے کی کوشش میں ڈرائیور توازن کھو بیٹھا۔ بے قابو ٹرک برابر سے گزرنے والے دو موٹر سائیکلوں پر پلٹ گیا۔ حادثے کے بعد جائے وقوع پر چیخ و پکار مچ گئی اور آس پاس کے لوگ امدادی کاموں میں مصروف ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی اور بچاو کے کاموں میں لگ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی منشی گنج کوتوالی پولیس سمیت سرکل افسر (سی او) گوری گنج اکھلیش کمار ورما اور سرکل افسر تلوئی دنیش کمار مشرا موقع پر پہنچ گئے۔ اس حادثے میں ضلع پرتاپ گڑھ کے انتو تھانہ علاقے کے تحت غازی پور گاوں کے ساکن پرنس ورما (16) ولد شیام لال ورما اور سنی کمار ورما (25) ولد رام دیو ورما کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ وہیں سلطان پور کے ساکن راجو شدید طور پر زخمی ہو گئے، جنہیں پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے ضلع اسپتال پہنچایا گیا، جہاں علاج کے دوران انہوں نے بھی دم توڑ دیا۔ اس کے علاوہ اجیت ورما ولد گوپال ورما، ساکن نریڑی تھانہ و ضلع شاملی شدید طور پر زخمی ہیں، جن کا علاج ضلع اسپتال میں چل رہا ہے۔
منشی گنج تھانے کے انچارج انسپکٹر شواکانت تریپاٹھی نے جمعہ کی صبح بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی اور راحت و بچاو کا کام شروع کرایا گیا۔ ٹرک کے نیچے دبے نوجوانوں کو باہر نکال کر اسپتال بھیجا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔ جبکہ ایک دیگر زخمی کا علاج ضلع اسپتال میں جاری ہے۔ پولیس فرار ٹرک ڈرائیور کی تلاش میں مصروف ہے۔ واقعے کی اطلاع متوفی نوجوانوں کے اہل خانہ کو دے دی گئی ہے۔ جے سی بی اور ہائیڈرا مشینوں کی مدد سے رات میں ہی نیشنل ہائی وے کو صاف کرا کر آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن