
حیدرآباد ، 29 مئی (ہ س) ۔ ممتاز قانونی شخصیت اور سینئر ایڈوکیٹ غلام یزدانی 98 برس کی عمر میں چہار شنبہ، 28 مئی 2026 ،10 ذوالحجہ 1447 ہجری کے مطابق سنچری ہاسپٹلس، بنجارہ ہلز، حیدرآباد میں انتقال ہوگیا ۔غلام یزدانی قانونی دنیا میں اپنی خدمات، دیانت داری اور سماجی وابستگی کے باعث انتہائی معزز مقام رکھتے تھے۔ ان کا انتقال ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب چند روز قبل ان کے داماد خواجہ معزالدین ایڈوکیٹ کے المناک قتل نے پورے شہر کو غمزدہ کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق غلام یزدانی زیر علاج تھے اور اپنے داماد کے قتل کی خبر سے شدید صدمے میں تھے، جن کے ساتھ وہ رہائش پذیر بھی تھے۔ نماز جنازہ جمعہ کی نماز کے بعد جامع مسجدِ عالیہ، گن فاؤنڈری، حیدرآباد میں ادا کی جائے گی ۔ مرحوم کا اس تاریخی مسجد سے طویل تعلق رہا اور وہ مسجد کے قدیم ترین خادمین میں شمار کیے جاتے تھے۔ قانونی برادری، سماجی شخصیات، رشتہ داروں اور عقیدت مندوں نے غلام یزدانی صاحب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کی ہے۔ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی اپیل کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق