
جموں،29 مئی (ہ س)۔
جموں میں جاری سیاحتی سیزن کے پیش نظرسیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ادھم پور-ریاسی رینج شیو کمار شرما نے پولیس اسٹیشن کُد میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ میں ایس ڈی پی او چنینی سکھبیرسنگھ، ایس ایچ او کُد پلک آنند سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران خطے میں امن و امان کی صورتحال، سیاحوں اور یاتریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے انتظامات اور سیکورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی نے افسران کو ہدایت دی کہ سیاحتی مقامات پر سیکورٹی مزید مؤثر بنائی جائے تاکہ آنے والے سیاح خود کو محفوظ محسوس کریں۔
بعد ازاں ڈی آئی جی نے کُد بازار کا دورہ کیا اور تاجروں، ٹرانسپورٹ آپریٹروں، مقامی لوگوں اور سیاحوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سیکورٹی چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طورپرپولیس کودیں۔ شیو کمار شرما نے کہا کہ سیاحوں اور یاتریوں کی حفاظت جموں و کشمیر پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے لوگوں کو کسی بھی ہنگامی مدد کے لیے 112 پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا اور یقین دلایا کہ پولیس ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے ہوٹل مالکان، دکانداروں اور ٹیکسی آپریٹروں سے بھی کہا کہ وہ سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور انہیں بہتر رہنمائی فراہم کریں تاکہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقامات کی مثبت شبیہ مزید مضبوط ہو سکے۔پولیس حکام نے اس موقع پر خطے میں محفوظ اور سیاح دوست ماحول برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر