


گاندھی نگر کی پوش کالونی میں چل رہی تھی غیر قانونی فیکٹری، 700 سے زائد کارٹن اور پیکیجنگ مشین برآمد
بھوپال، 29 مئی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے نشہ آور اشیاء کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گاندھی نگر علاقے میں چلنے والی غیر قانونی کف سیرپ فیکٹری کا پردہ فاش کیا ہے۔
ایس پی، ایس ٹی ایف راجیش سنگھ بھدوریا نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات گاندھی نگر تھانہ علاقے کے ڈوبرا پٹیل سٹی کالونی میں واقع ایک مکان پر مارے گئے چھاپے میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا غیر قانونی نشہ آور کف سیرپ برآمد کیا گیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران ایس ٹی ایف نے اب تک 10 لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ یہ کارروائی رات قریب 12 بجے شروع ہوئی اور علی الصبح 3 بجے تک لگاتار چلتی رہی۔ افسران نے پوری کارروائی کو بیحد خفیہ رکھا، یہاں تک کہ مقامی گاندھی نگر تھانہ پولیس کو بھی اس کی بھنک نہیں لگنے دی گئی۔ مخبر سے ملنے والی پختہ اطلاع کی بنیاد پر ٹیم نے مکان کو چاروں طرف سے گھیر کر تلاشی شروع کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جس مکان میں یہ غیر قانونی کاروبار چل رہا تھا، وہ کسی ’’مالویہ‘‘ نامی شخص کا بتایا جا رہا ہے۔ حالانکہ کارروائی کے بعد سے مکان مالک فرار ہے اور ایس ٹی ایف کا اس سے رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔ حراست میں لیے گئے ملزمان سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر اب پورے نیٹ ورک کا انکشاف کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آج جمعہ کی شام چار بجے پریس کانفرنس کر کے پورے معاملے کا پردہ فاش کیا جائے گا۔ تلاشی کے دوران مکان کے دو الگ الگ کمروں میں بھاری مقدار میں نشہ آور کف سیرپ کے کارٹن، بوتلیں اور پیکیجنگ کا سامان ملا۔ ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہاں ’آف کف‘ نام سے غیر قانونی کف سیرپ تیار کر کے بازار میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔ ایس ٹی ایف نے موقع سے 700 سے زائد غیر قانونی کف سیرپ کے کارٹن، بڑی تعداد میں خالی بوتلیں، فرضی لیبل اور جدید ترین پیکیجنگ مشینیں ضبط کی ہیں۔
جانچ ایجنسیوں کو خدشہ ہے کہ برآمد شدہ کف سیرپ کو غیر قانونی طور پر نوجوانوں اور نشے کے عادی لوگوں تک پہنچایا جانا تھا۔ ایس ٹی ایف اب یہ پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ اس نیٹ ورک کے تار کن شہروں اور لوگوں سے جڑے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ سیرپ بنانے میں استعمال ہونے والا کیمیکل اور خام مال کہاں سے منگوایا جا رہا تھا۔ ایس ٹی ایف افسران نے اشارہ دیا ہے کہ پوچھ گچھ آگے بڑھنے کے ساتھ اس ڈرگ سنڈیکیٹ سے متعلق کئی اور نام سامنے آ سکتے ہیں۔
موقع سے برآمد کف سیرپ کے نمونے لیب ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ رپورٹ آنے کے بعد این ڈی پی ایس ایکٹ اور ڈرگز سے متعلق دیگر دفعات کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ افسران کا کہنا ہے کہ معاملے میں جلد ہی کئی بڑے انکشافات ہو سکتے ہیں۔ ایس ٹی ایف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پورے معاملے کی تفصیلی معلومات آج شام دی جائے گی۔ وہیں ملزمان کی نشان دہی پر آگے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ایس ٹی ایف کے افسران نے بتایا کہ طویل عرصے سے اطلاع مل رہی تھا کہ گاندھی نگر علاقے میں ایک مکان میں غیر قانونی نشہ آور سیرپ کی فیکٹری چل رہی ہے۔ دیر رات اس مکان کے باہر بڑی گاڑیاں آ کر رکتی ہیں اور لوڈنگ ان لوڈنگ کی جاتی ہے۔ اس کے بعد مخبروں کو سرگرم کیا گیا۔ اطلاع پختہ ہونے کے بعد گزشتہ دیر رات کارروائی کی گئی ہے۔ ایس ٹی ایف نے کارروائی کو اتنی رازداری سے انجام دیا کہ گاندھی نگر تھانہ پولیس کو بھنک تک نہیں لگنے دی۔ کارروائی کے دوران ایس ٹی ایف کے کئی سینئر افسران موقع پر موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن