
پونے، 29 مئی (ہ س) پونے میں منعقد کی جانے والی عظیم الشان نمائش ’’کریئیٹو انجن ایکسپو 2026‘‘ کا افتتاح ہفتہ 30 مئی کو صبح 10 بجے گنیش کلا کریڑا منچ کے نمائش ہال میں ہوگا۔ نمائش کا افتتاح جیو+ہاٹ اسٹار کے صدر آلوک جین کے ہاتھوں انجام پائے گا۔
اس موقع پر یشونت راؤ چوہان مہاراشٹر مکت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سنجیو سونونے، ڈاکٹر ہومی بھابھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رجنیش کامت، پونے کے سابق رکن پارلیمنٹ پردیپ راوت، کمپنی 3 کے سی ای او پرفل گاڈے، آئی آئی سی ٹی کے ڈائریکٹر آشیش کلکرنی، پونے میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹر باپو مانکر، سنیل پانڈے، اپوروا کھاڈے، کارپوریٹر تیج شری مہیش پولاے، وینا گنیش گھوش، شری ناتھ سہکاری شکر کارخانہ کے ورکنگ چیئرمین وکاس رسکر اور اکھل بھارتیہ چترپٹ مہامنڈل کے صدر میگھ راج راجے بھوسلے سمیت متعدد معزز شخصیات موجود رہیں گی۔
یہ نمائش ہفتہ 30 مئی اور اتوار 31 مئی 2026 کو صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہے گی اور عام شہریوں کے لیے مکمل طور پر مفت رکھی گئی ہے۔ نمائش میں کریئیٹو شعبے سے وابستہ مختلف ٹیکنالوجیز، تصورات اور روزگار کے مواقع کا عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ کامکس، اینیمیشن، گرافکس، گیمز، ویژول ایفیکٹس، ڈیجیٹل تعلیمی ذرائع، ورچوئل پروڈکشن، تھری ڈی پرنٹنگ اور ورچوئل ریئلٹی جیسے شعبوں میں تخلیقی عمل کس طرح انجام پاتا ہے، اس کے پیچھے موجود تخیل اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق معلومات ماہرین فراہم کریں گے۔
اس کے علاوہ شرکاء کو ان شعبوں میں دستیاب روزگار اور صنعت کے فروغ کے مواقع کے بارے میں ماہرین سے براہِ راست تبادلۂ خیال کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ کریئیٹو میدان میں کیریئر بنانے کے خواہش مند طلبہ کے لیے مفت کیریئر رہنمائی کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ نمائش کے چیف آرگنائزر اور سُرجن کالج آف ڈیزائن کے بانی سنتوش رسکر نے بتایا کہ ’’بھارت کو مستقبل میں ’اورنج اکانومی‘ کا عالمی مرکز بنانے کے مقصد سے یہ نمائش نہایت اہم ثابت ہوگی۔ اس تیزی سے ابھرتی ہوئی معاشی سرگرمی کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنا اس نمائش کا بنیادی مقصد ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’مہاراشٹر کے 2026 کے بجٹ میں پونے-ممبئی اے وی جی سی کوریڈور قائم کرکے اس شعبے میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں پونے کو اس صنعت میں ملک کی قیادت حاصل کرنے کا سنہری موقع ملے گا۔ اسی طرح مرکزی حکومت نے تعلیمی نظام میں کریئیٹو لیبز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے مستقبل میں اسکولی تعلیم میں تخلیقی تعلیم کی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔‘‘
سنتوش رسکر کے مطابق بدلتے ہوئے دور میں تعلیم، صنعت، روزگار اور طرزِ زندگی سمیت ہر شعبے پر کریئیٹو اکانومی کے اثرات میں اضافہ ہوگا، اسی لیے یہ نمائش خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے