ایبولا وائرس : گاندھی ہاسپٹل میں 10 بیڈس پر مشتمل خصوصی وارڈ تیار
حیدرآباد ، 29 مئی (ہ س)۔ تلنگانہ میں ایبولاوائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر محکمہ صحت پوری طرح چوکس اور ہائی الرٹ پر ہے۔ ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے واضح کیا ہے کہ تلنگانہ میں اب تک ایبولا کا ایک بھی کیس درج نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اس
ایبولا وائرس : گاندھی ہاسپٹل میں 10 بیڈس پر مشتمل خصوصی وارڈ تیار


حیدرآباد ، 29 مئی (ہ س)۔ تلنگانہ میں ایبولاوائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر محکمہ صحت پوری طرح چوکس اور ہائی الرٹ پر ہے۔ ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے واضح کیا ہے کہ تلنگانہ میں اب تک ایبولا کا ایک بھی کیس درج نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اس بیماری کی علامت والے کسی مریض کی شناخت ہوئی ہے۔ اس لئے عوام کو گھبرانے یا پریشان ہونے کی بالکل ضرورت نہیں ہے ۔ چند ممالک میں ایبولا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے تناظر میں وزیر صحت نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں وائرس کی روک تھام ، احتیاطی تدابیر اور محکمہ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست کا ہیلت سسٹم کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے پوری تیار ہے۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ ایبولا وائرس کو ریاست میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ہی سخت ترین حفاظتی اور طبی اقدامات نافذ کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کی سخت اسکریننگ اور تھرمل اسکیاننگ کی جارہی ہے اور انکی مکمل طبی جانچ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیر صحت نے کسی بھی ممکنہ خطرہ سے نمٹنے کیلئے گاندھی ہاسپٹل میں 10 بستروں پر مشتمل ایک خصوصی اور جدید ترین ایسولیشن وارڈ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا، جہاں تمام ضروری طبی سہولیات 24 گھنٹے دستیاب رہیں گی۔ اجلاس کے دوران وزیر صحت نے عہدیداروں کو سخت ہدایتیں جاری کیں کہ وہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کے بغیر ایرپورٹ پر مسلسل اور سخت نگرانی جاری رکھیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande